سنگا پور ایئرپورٹ پر جدید ٹیکنالوجی نصب، پاسپورٹ کی ضرورت ختم کر دی گئی
سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ پر تمام ٹرمینلز سے کلیئرنس کیلئے بائیو میٹرک کا قانون مکمل طور پر لاگو ہو چکا ہے جس کی وجہ سے کلیئرنس کیلئے درکار اوسط وقت اب صرف 10 سیکنڈز کا ہوگا

سنگا پور(مانیٹرنگ ڈیسک) سنگا پور ایئر پورٹ پر جدید ٹیکنالوجی نصب کر دی گئی ہے جس کے بعد چانگی ایئرپورٹ کے تمام ٹرمینلز پر کلیئرنس کے لیے اب پاسپورٹ کی ضرورت ختم کردی گئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق امیگریشن اینڈ چیک پوائنٹس اتھارٹی (آئی سی اے) کی جانب سے ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سنگاپور کے شہری اپنے پاسپورٹ دکھائے بغیر چہرے اور ایرس کے بائیو میٹرکس کا استعمال کرکے امیگریشن کلیئر کر سکتے ہیں۔ سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ پر تمام ٹرمینلز سے کلیئرنس کیلئے بائیو میٹرک کا قانون مکمل طور پر لاگو ہو چکا ہے جس کی وجہ سے کلیئرنس کیلئے درکار اوسط وقت اب صرف 10 سیکنڈز کا ہوگا۔تاہم سنگاپور پہنچنے والے غیر ملکیوں کو اب بھی پاسپورٹ دکھانے کی ضرورت ہوگی اور انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ سفر کرتے وقت پاسپورٹ اپنے ساتھ رکھیں۔ آئی سی اے نے مزید کہا کہ تمام غیر ملکی زائرین بھی سنگاپور سے روانہ ہونے پر پاسپورٹ کے بغیر کلیئرنس کی سہولت سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔