ایکس پینگ ایرو ایچ ٹی نے فلائنگ کار کی 2008 یونٹس کی پری آرڈرز کے ساتھ نیا سنگ میل عبور کر لیا
چین کے 15ویں ایئرشو میں اپنی ماڈیولر فلائنگ کار "لینڈ ایئرکرافٹ کیریئر" کے لیے 2008 یونٹس کے پری آرڈرز حاصل کیے

چین(مانیٹرنگ ڈیسک)ایکس پینگ ایرو ایچ ٹی نے فلائنگ کار کی دنیا میں ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے، جب اس نے چین کے 15ویں ایئرشو میں اپنی ماڈیولر فلائنگ کار "لینڈ ایئرکرافٹ کیریئر” کے لیے 2008 یونٹس کے پری آرڈرز حاصل کیے۔ یہ آرڈرز مختلف شعبوں جیسے نقل و حمل، سیاحت، رئیل اسٹیٹ اور ٹیکنالوجی سے موصول ہوئے ہیں، جو کہ فلائنگ کار کی صنعت میں اب تک کا سب سے بڑا آرڈر شمار ہوتا ہے۔چین کے شہر ژوہائی میں ہونے والے اس ایئرشو میں ایکس پینگ ایرو ایچ ٹی نے اپنی ماڈیولر فلائنگ کار کی پہلی عوامی پرواز بھی دکھائی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ 2024 کے آخر تک پری سیلز کا آغاز کرے گی اور 2026 تک ماس پروڈکشن اور ڈیلیوری شروع کر دے گی۔ اس فلائنگ کار کی قیمت 20 لاکھ یوآن (تقریباً 277,390 ڈالر) رکھی جائے گی۔ایکس پینگ ایرو ایچ ٹی، جو ایکس پینگ کی اکثریتی ملکیت میں ہے، 2013 میں قائم ہوئی تھی اور یہ الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اور لینڈنگ (eVTOL) گاڑیاں تیار کر رہی ہے۔ کمپنی نے ایک فلائنگ کار کے ساتھ ایک پیرنٹ گاڑی بھی تیار کی ہے جو اسے چارج کر سکے گی۔ اس کے علاوہ، کمپنی گوانگ ژو میں ایک جدید فلائنگ کار فیکٹری قائم کر رہی ہے، جس کی سالانہ پیداواری صلاحیت 10,000 یونٹس ہوگی۔
پاکستانی مارکیٹ میں بھی اس نوعیت کی ٹیکنالوجی کی موجودگی کی خبر نے ٹرانسپورٹیشن کے مستقبل کے حوالے سے دلچسپی بڑھا دی ہے، اور یہ فلائنگ گاڑیاں ممکنہ طور پر آنے والے سالوں میں دنیا بھر میں ٹرانسپورٹیشن کی ایک نئی جہت متعارف کرائیں گی۔