سوشل میڈیا صارفین کیلئے بڑی خبر، جی میل میں متعدد اے آئی فیچرز کا اضافہ

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا صارفین کے لئے بڑی خبر آئی ہے جس کے مطابق جی میل میں متعدد اے آئی فیچرز کا اضافہ کر دیا گیا ہے یہ فیچر کونسے ہیں؟ اس حوالے سے تفصیل سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق پہلا پریمیئم فیچر اے آئی اوور ویوز کا ہے جو کہ گوگل سرچ میں موجود اے آئی اوور ویوز سے ملتا جلتا ہے۔ جیل میل میں اس فیچر کے تحت آپ سرچ بار میں اپنے پیغامات کے حوالے سے سوالات پوچھیں گے تو اے آئی ماڈل اس کی تفصیلات فراہم کرے گا۔ اے آئی اوور ویوز کا ایک مفت ورژن بھی صارفین کو دستیاب ہوگا جو میل تھریڈز کی سمری فراہم کرے گا۔ ایک اور فیچر پروف ریڈر ہے جو سبسکرائبرز کو ہی دستیاب ہوگا۔
یہ فیچر ای میلز کی گرامر، الفاظ کے انتخاب، جملوں کے اسٹرکچر اور دیگر پہلوؤں کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز فراہم کرے گا۔ ایک اور فیچر اے آئی ان باکس ہے۔ یہ فیچر ای میلز کی بھرمار کی صفائی کے لیے ہے تاکہ آپ اہم پیغامات پر توجہ مرکوز کرسکیں۔ کمپنی نے زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں، البتہ یہ فیچر بھی سبسکرائبرز تک محدود ہوگا۔ جی میل کے مفت صارفین کے لیے ہیلپ می رائٹ اور سجیسٹڈ رئیپلائیز فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ ان فیچرز سے صارفین جیمنائی کو ای میلز اور ریپلائیز تحریر کرانے کے لیے استعمال کرسکیں گے۔ کمپنی کے مطابق جیمنائی پر مبنی یہ فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور پہلے اسے امریکی صارفین استعمال کرسکیں گے۔ آنے والے مہینوں میں انہیں دیگر ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔



