ٹیکنالوجی

سب سے زیادہ سمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی کونسی ہے؟ نام سامنے آگیا

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں سب سے زیادہ سمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی کونسی ہے؟ یہ اعزاز کس نے حاصل کیا؟ اس حوالے سے تمام تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق طویل عرصے بعد پہلی بار ایپل ایک سال میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی بن گئی ہے۔ 2011ء سے 2024ء کے دوران جنوبی کورین کمپنی سام سنگ مسلسل ہر سال دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی رہی مگر2025ء میں ایپل نے جنوبی کورین کمپنی کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

کاؤنٹر پوائنٹ کی رپورٹ کے مطابق 2025ء میں ایپل کا عالمی سطح پر مارکیٹ شیئر 20 فیصد رہا یا یوں بھی کہا جاسکتا ہے کہ فروخت ہونے والے ہر 5 میں سے ایک اسمارٹ فون آئی فون تھا۔ ایک سال کے دوران ایپل کے فونز کی فروخت میں 2024ء کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔ اس سال کے دوران آئی فون 16 کے دوران کافی زیادہ پسند کیا گیا جبکہ سال کی سہ ماہی میں ایپل کی نئی آئی فون17 سیریز کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ جنوبی کورین کمپنی 19 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جس کے فونز کی فروخت میں ایک سال کے دوران 5 فیصد اضافہ ہوا۔

تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ فون فروخت کرنے والی کمپنی شیامی رہی جس کا مارکیٹ شیئر 13 فیصد رہا۔ ویوو اور اوپو بالترتیب چوتھے اور 5 ویں نمبر پر رہے۔ اس سے قبل نومبر میں کاؤنٹر پوائنٹ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایپل کمپنی 2029ء تک دنیا میں سب سے زیادہ فونز فروخت کرنے والی کمپنی ثابت ہوسکتی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق جن افراد نے کووڈ 19 کی وبا کے دوران اسمارٹ فونز خریدے تھے وہ اب انہیں اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ اسی طرح 35 کروڑ سے زائد پرانے آئی فونز 2023ء سے 2025ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران فروخت ہوئے، جن کے صارفین کی جانب سے بھی آنے والے برسوں میں نئے آئی فونز کو خریدے جانے کا امکان ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button