پاکستان
سائفر کیس میں اہم پیشرفت، ان کیمرہ سماعت کرنے کی درخواست دائر
چیف جسٹس عامر فاروق کل ایف آئی اے کی متفرق درخواست پر سماعت کریں گے'سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بھی کل سماعت کیلئے مقرر ہے

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) سائفر کیس میں اہم پیش رفت ‘اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ان کیمرہ کرنے کی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور کی جانب سے دائر کی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی متفرق درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی۔ چیف جسٹس عامر فاروق کل ایف آئی اے کی متفرق درخواست پر سماعت کریں گے۔ سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بھی کل سماعت کیلئے مقرر ہے۔ خیال رہے کہ عمران خان ان دنوں سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔