میکسیکو، چرچ کی چھت گرنے سے 10 افراد ہلاک ، متعدد زخمی
حادثے کے وقت چرچ میں 100 افراد موجود تھے اور حادثے کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تک دب گئے جنہیں ملبے سے نکالنے کا کام جاری ہے : پولیس

میکسیکو (مانیٹرنگ ڈیسک) میکسیکو کے ساحلی شہر سیوڈیڈ میڈارو میں خوفناک حادثہ پیش آیا اس حادثہ میں چرچ کی چھت گرنے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یہ حادثہ میکسیکوکے ساحلی شہر سیوڈیڈ میڈارو میں پیش آیا جہاں سانٹا کروز چرچ کی چھت نیچے آگری جس کے نتیجے میں چرچ میں موجود 39 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق اسپتال میں اب تک 10 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کا بتانا ہے کہ حادثے کے وقت چرچ میں 100 افراد موجود تھے اور حادثے کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تک دب گئے جنہیں ملبے سے نکالنے کا کام جاری ہے اور ملبے تلے تمام افراد کو ڈھونڈ لیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق چرچ میں حادثے کے وقت ایک تقریب جاری تھی، حادثے کے بعد زخمیوں کو ملبے سے نکالنے کے لیے مقامی افراد نے بھی مدد کی جب کہ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر فوری ریسکیو کا عمل شروع کیا۔