پاکستانی پہلی اے آئی انفلوئنسر’پرکشش ہونے کی دھوم
سوشل میڈیا پر تہلکہ مچانے والی شبنم کی تصاویر نے سب کی توجہ حاصل کرلی

لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان کی پہلی آرٹیفیشل انٹیلیجنس انفلوئنسر شبنم کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر جاری ہوتے ہی تہلکہ مچادیا۔شبنم مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں جن کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر فی الحال 2 ہزار سے زائد فالوورز ہیں۔انسٹاگرام کے بائیو میں شبنم کو لاہور یونیورسٹی منیجمنٹ سائنس کی ایم بی اے کی طالبہ بتایا گیا ہے جبکہ وہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی رہائشی ہیں۔ شبنم ماڈل ہونے کے ساتھ کھانا کھانے کی شوقین ہیں اور فٹنس فریک بھی ہیں۔

کتھئی آنکھیں، بھوری زلفیں اور ہلکے گلابی ہونٹوں والی شبنم کا انسٹاگرام انکی دلکش تصاویر سے بھرا ہوا ہے جن میں شبنم کے عقب میں پاکستان کے حسین قدرتی مناظر بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔16 جولائی کو شبنم کے اکانٹ پر شیئر ہونے والی پہلی تصویر میں وہ کریمی کرتا پہنی نظر آئیں جبکہ ان کی لوکیشن گلگت بلتستان کا شہر اسکردو بتائی گئی۔شبنم کو صرف ایسٹرن ہی نہیں بلکہ ویسٹرن ملبوسات میں بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایک پوسٹ میں شبنم اپنے بائیو میں لکھے فٹنس فریک لفظ کی مکمل عکاسی کرتے ہوئے جم میں ورزش کرتی بھی نظر آرہی ہیں۔

پاکستان کے علاوہ شبنم کی اسپین اور فرانس کی تصاویر بھی دیکھی جاسکتی ہیں جن میں وہ بے حد دلکش نظر آرہی ہیں۔شبنم نے پاکستان کے 22 معروف فنکاروں کو فالو کیا ہوا ہے جن میں عائزہ خان، درِفشاں سلیم، ہانیہ عامر، عائشہ عمر، سائرہ یوسف، اقرا عزیز، ایمن خان، سارہ خان، یمنی زیدی و دیگر پاکستانی حسینائیں شامل ہیں جبکہ مرد فنکاروں میں صرف فیروز خان اور علی ظفر شامل ہیں۔
