علی امین گنڈار پور کےساتھ آنےوالےدنوں میں بہت برا سلوک دیکھ رہا ہوں،وفاقی وزیراطلاعات کی پیش گوئی
انہوں نے کہا کہ پہلے پنجاب کو لوٹا گیا اب خیبر پختونخوا کولوٹا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا کی حکومت سرکاری پیسے سے لیڈر کو خوش کرنے پر لگی ہے، سارا ملک ترقی کر رہا ہے

لاہور(کھوج نیوز) وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کےمستقبل کےحوالے سے بڑی پیشگوئی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پنجاب کو لوٹا گیا اب خیبر پختونخوا کولوٹا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا کی حکومت سرکاری پیسے سے لیڈر کو خوش کرنے پر لگی ہے، سارا ملک ترقی کر رہا ہے صرف خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں ہو رہا، ملک کی تباہی اور بربادی میں ان کا ہاتھ ہے، تحریک انتشار کچھ بھی کر لے ملک ترقی کرتا رہے گا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا بیرون ملک پی ٹی آئی کا زور ٹوٹ رہا ہے، اوورسیز پاکستانی سمجھ گئے ہیں کہ ملک ترقی کر رہا ہے، مجھے امریکا میں کہیں پی ٹی آئی کا احتجاج نظر نہیں آیا۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا علی امین گنڈار پور کے ساتھ آنے والے دنوں میں بہت برا سلوک دیکھ رہا ہوں، میں سمجھتا ہوں کے پی کے لوگ اپنے وزیراعلیٰ کے خلاف ہو جائیں گے، پُرامن احتجاج کی اجازت ہے، اسلحہ اور غلیل کے ساتھ آنے کی اجازت نہیں، علی امین گنڈاپور کے ساتھ رابطہ رہا ہے، معاہدہ کرکے انھوں نے خلاف ورزی کی ہے۔