سابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ پرحملہ،پاکستان ہائی کمیشن نےملزمان کےخلاف شکایت درج کروادی
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فوٹیج کے ذریعے سابق چیف جسٹس اور ڈپلومیٹک مشن کی کار پرحملہ کرنے والوں کی شناخت کی جائے

لندن(ویب ڈیسک) لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ پرحملے سے متعلق پاکستان ہائی کمیشن نے کسی کو نامزد کیے بغیر باضابطہ شکایت درج کرا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستانی ہائی کمیشن کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ فوٹیج کے ذریعے سابق چیف جسٹس اور ڈپلومیٹک مشن کی کار پرحملہ کرنے والوں کی شناخت کی جائے۔ واقعہ سے متعلق اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس پر حملے سے آگاہ ہیں، واقعہ سٹی آف لندن میں پیش آیا جہاں کی پولیسنگ سٹی آف لندن کی ذمہ داری ہے۔
سٹی آف لندن پولیس نے کہا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے سفارتی پولیس کے ذریعے ہم سے رابطہ کیا، شکایت کا جائزہ لے رہے ہیں، تاحال کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی۔ خیال رہے کہ حکومت پاکستان سابق چیف جسٹس پر لندن میں حملہ کرنے والے 23 افراد کے پاسپورٹ پہلے ہی منسوخ کرچکی ہے اور ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کرلیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر شامل کیا گیا تھا، اس سلسلے میں 29 اکتوبر کو ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تاہم، سابق چیف جسٹس کی لندن آمد پر پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا اور گو قاضی گو کے نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین میں پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور ملیکہ بخاری بھی شریک تھیں۔