باپ بننے کے بعدمردوں کے وزن میں اضافہ کیوں ہو جاتا ہے؟
مردوں کا پہلے بچے کی پیدائش کے بعد تقریبا ساڑھے چار پونڈ تک وزن بڑھا جاتا ہے

امریکہ(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈاکٹر کریگ ایف گارفیلڈ جن کا تعلق یونیورسٹی آف نارتھ ویسٹرن امریکہ سے ہے۔ ان کی تحقیق کے مطابق مردوں کی اکثریت کا وزن ان کے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد واضح طور پر بڑھ جاتا ہے۔ان کی یہ تحقیق امریکی جرنل آف مین ہیلتھ میں شائع ہوئی، جس میں انہوں نے مختلف مردوں پر تحقیق کے بعد اس بات کا انکشاف کیا کہ پہلے بچے کی پیدائش کے بعد جس طرح ماں کے وزن میں اضافہ ہوتا ہے اسی طرح مردوں کے وزن میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
انہوں نے تقریبا دس ہزار مختلف عمر کے مردوں پر تحقیق کی، جس میں انہوں نے یہ چیز واضح طور پر نوٹ کی کہ تیس سال کی عمر کے بعد مردوں کا میٹا بولزم سست ہو جاتا ہے۔جس کے سبب ان کے وزن میں اصافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ڈاکٹر کریگ کے مطابق زیادہ تر مردوں کا پہلے بچے کی پیدائش کے بعد تقریبا ساڑھے چار پونڈ تک وزن بڑھا۔تحقیقات سے اب تک اگرچہ کوئی ٹھوس وجہ سامنے نہیں آسکی، جس سے یہ ثابت ہو کہ مرد باپ بننے کے بعد موٹے کیوں ہوتے ہیں۔مگر ڈاکٹر کریگ کا یہ ماننا ہے کہ باپ بننے کے بعد مرد کی طرز زندگی میں واضح فرق پیدا ہوتا ہے۔ اس کی زندگی میں اس سے بھی زیادہ اہمیت اس کے خاندان کی ہو جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے وہ اپنی جانب سے لاپرواہ ہو جاتا ہے، جو اس کے وزن کے بڑھنے کا سب سے بڑا سبب ہوتا ہے۔