پاکستان

نہروں کے معاملے پر مرادعلی شاہ کی وفاقی حکومت کو کھلی دھمکی

کیا ملک نئے انتخابات کا متحمل ہو سکتا ہے؟ اگر بات نہ مانی گئی تو ہم ایک لمحہ ضائع کیے بغیر حکومت چھوڑ دیں گے:مراد علی شاہ

ٹھٹھہ(کھوج نیوز)ٹھٹھہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اپوزیشن کے کہنے پر بلیک میل نہیں ہوں گے اور نہ ہی انہیں فری ہینڈ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سندھ کا پانی دیگر صوبوں کو دینے کی تیاری ہو رہی ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ دشمن کوئی بھی منصوبہ برداشت نہیں کیا جائے گا، پانچوں دریا ہمارے ہیں، کسی نہر کی اجازت نہیں دیں گے۔ مراد علی شاہ نے زور دیا کہ دریائے سندھ پر پہلا حق ٹھٹھہ اور سجاول کے عوام کا ہے۔خطاب میں وزیراعلی نے کہا کہ کینالز کے معاملے پر سازش ہو رہی ہے، صدرِ مملکت بھی اس منصوبے کی حمایت نہیں کر رہے، اور بلاول بھٹو زرداری نے 27 دسمبر کو واضح کر دیا تھا کہ اگر نہریں بنیں تو وہ عوام کے ساتھ ہوں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر کارکنوں سے رابطے تیز کر دیے ہیں اور اس کا آغاز ٹھٹھہ سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں جا کر کارکنوں سے اسکیمیں لیں گے تاکہ عوامی امنگوں کے مطابق بجٹ بنایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نے ہدایت دی ہے کہ کراچی میں بیٹھ کر اسکیمیں نہ بنائیں، اسی لیے ہم میدان میں نکلے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب سب سو رہے تھے، ہم کام کر رہے تھے۔

آخر میں مراد علی شاہ نے سوال کیا کہ کیا ملک نئے انتخابات کا متحمل ہو سکتا ہے؟ اور ساتھ ہی خبردار کیا کہ اگر بات نہ مانی گئی تو ہم ایک لمحہ ضائع کیے بغیر حکومت چھوڑ دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button