پی ٹی آئی میں لاہوری اتحادیا اندرونی محاذ؟ علیمہ خان اور سلمان اکرم راجہ کی قربت پر سوالات اٹھنے لگے
پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی معاملات ایک نئے موڑ پر پہنچ چکے ہیں،پارٹی میں اصل جنگ دو خواتین کے درمیان ہے

لاہور(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی معاملات ایک نئے موڑ پر پہنچ چکے ہیں، جہاں پارٹی کے بااثر حلقوں میں علیمہ خان اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان بڑھتی قربت زیرِ بحث ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق علیمہ خان نے پارٹی میں اپنا اثر بڑھانے کے لیے سلمان اکرم راجہ کو لاہور سے نہ صرف ٹکٹ دلایا بلکہ انہیں اہم پوزیشن دلوانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کو اس وقت تشویش لاحق ہوئی جب انہیں محسوس ہوا کہ سابق خاتونِ اول بشری بی بی اپنی قریبی ٹیم کے ذریعے پارٹی پر گرفت مضبوط کر رہی ہیں۔ اس کا توڑ کرنے کے لیے علیمہ خان نے سلمان اکرم راجہ جیسے وفادار ساتھی کو آگے بڑھایا تاکہ وہ اپنے حلقے اور اثرورسوخ کے ذریعے طاقت کا توازن اپنے حق میں رکھ سکیں۔
سلمان اکرم راجہ اور علیمہ خان نہ صرف لاہور سے تعلق رکھتے ہیں بلکہ ان کے آپسی تعلقات بھی کافی پرانے اور مستحکم سمجھے جاتے ہیں۔ اسی بنا پر پارٹی کے کئی اہم فیصلوں میں علیمہ خان نے انہیں شامل رکھا اور ان کی سیاسی حیثیت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، اس ساری صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "پارٹی میں اصل جنگ دو خواتین کے درمیان ہے، اور جب ایسی لڑائیاں شروع ہو جائیں تو پارٹی کی بنیادیں ہل جاتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علیمہ اور بشری بی بی دونوں ہی پارٹی کی موجودہ غیر یقینی صورتحال کی کسی نہ کسی حد تک ذمہ دار ہیں۔
پارٹی کے اندرونی حلقوں میں اس وقت ایک بحث جاری ہے کہ آیا یہ سب ذاتی اثرورسوخ کی لڑائی ہے یا نظریاتی کشمکش کا نتیجہ؟ البتہ اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ پی ٹی آئی اس وقت شدید اندرونی تقسیم کا شکار ہے، اور اگر یہ اختلافات برقرار رہے تو پارٹی کو شدید نقصان پہنچ سکتاہے۔



