وویمن ورلڈ کپ، قومی ٹیم بھارت جائیگی یا نہیں؟ سچائی سامنے آگئی
پاکستان وویمن ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے معاہدے کے مطابق بھارت نہیں جائیگی، بھارت میزبان ہے وہ فیصلہ کریگا کہ کہاں کھلانا ہے: محسن نقوی

لاہور(سپورٹس ڈیسک) وویمن کرکٹ ورلڈ کپ کے سلسلے میں قومی وویمن کرکٹ ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں؟ اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سچائی سامنے لے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمن ٹیم معاہدے کے مطابق بھارت نہیں جائیگی، بھارت میزبان ہے وہ فیصلہ کریگا کہ کہاں کھلانا ہے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کے سوا کسی بھی جگہ کھیلنے کو تیار ہیں۔ ویمن ٹیم کی پرفارمنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب ٹیم ایک ہوکرکھیلے تو اسی طرح کا نتیجہ آتا ہے، ویمن کرکٹرز کو انعام ملے گا یہ ان کا حق ہے، یہ ہر ٹیم کے لیے ہے کہ وہ ایک ہو کر کھیلیں تو ایسے ہی نتائج آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویمن ٹیم میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں تو پھر ایک ٹریک پر آئے ہیں۔ اسی طرح دوسری ٹیموں انڈر 19 شاہین اور قومی ٹیم کے نتائج بھی آنا شروع ہوجائیں گے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے حوالے سے آئندہ اہم فیصلے ہوں گے۔ عاقب جاوید سے عبوری ذمہ داری سنبھالنے کی درخواست کی تھی، یہ عارضی فیصلہ تھا، آئندہ ہفتے اس بارے میں دیکھتے ہیں۔