کرپشن الزامات :پی ٹی آئی کی اندرونی احتساب کمیٹی نے رپورٹ جاری کر دی
پی ٹی آئی کی اندرونی احتساب کمیٹی نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابرسلیم سواتی کو غیرقانونی بھرتیوں کے الزامات سے بری قرار دے دیا ہے

پشاور(کھوج نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف(پی ٹی آئی)کی اندرونی احتساب کمیٹی نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابرسلیم سواتی کو مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے الزامات سے بری قرار دے دیا ہے۔
اتوار کے روز جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے قرار دیا کہ بابرسلیم سواتی کے خلاف لگائے گئے الزامات میں کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے۔ اس سے قبل فروری میں پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر اعظم خان سواتی نے مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان اسمبلی پر کرپشن کے الزامات عائد کیے تھے، جنہیں رواں ماہ کے آغاز میں بابر سواتی نے سرِعام مسترد کر دیا تھا۔ اس اقدام نے پی ٹی آئی مانسہرہ میں اختلافات کو مزید گہرا کر دیا۔
رپورٹ مرتب کرنے والے کمیٹی ممبر اور ممتاز قانونی ماہر ایڈووکیٹ قاضی انور کے مطابق یہ الزامات سابق سینیٹر اعظم سواتی نے لگائے تھے، تاہم وہ کمیٹی کے سامنے کوئی ثبوت یا شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔ رپورٹ میں وضاحت کی گئی کہ جن بھرتیوں پر اعتراض کیا گیا، وہ یا تو بابر سواتی کے دور سے پہلے کی گئی تھیں یا پھر قواعد و ضوابط کے مطابق عمل میں لائی گئیں۔
