جاوید اختر کا پاکستان مخالف بیان ،اداکارہ منشاپاشا کا سخت ردعمل
اداکارہ منشا پاشا نے حال ہی میں بھارتی نغمہ نگار اور اسکرین رائٹر جاوید اختر کے پاکستان مخالف بیانات پر سخت ردِعمل دیا ہے

کراچی(شوبز ڈیسک)اداکارہ منشا پاشا نے حال ہی میں بھارتی نغمہ نگار اور اسکرین رائٹر جاوید اختر کے پاکستان مخالف بیانات پر سخت ردِعمل دیا ہے اور پاکستانیوں کو خودداری اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر منشا نے ایک خبر شیئر کی جس میں جاوید اختر کے تازہ تبصرے شامل تھے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ وہی شخص ہے جو کچھ عرصہ پہلے پاکستان آیا تھا، اور ایک پارٹی میں لوگ اس کے قدموں میں بیٹھے نظر آئے تھے، حالانکہ وہ پاکستان کے خلاف بیانات دے چکا تھا۔
منشا کا کہنا تھا کہ جاوید اختر کے اعزاز میں مشہور گلوکار علی ظفر نے دعوت رکھی تھی، لیکن اصل مسئلہ ہمارے اپنے رویے کا ہے۔ منشا نے کہا، قصور ہمارا ہے کیونکہ ہمیں خود اپنی زیادہ عزت کرنی چاہیے۔ ان کا یہ بیان جاوید اختر کے 2023 کے پاکستان دورے کی طرف اشارہ کرتا ہے، جب کئی پاکستانی شخصیات نے ان کا پرجوش استقبال کیا تھا، حالانکہ وہ پہلے بھی پاکستان پر تنقید کر چکے تھے۔
اب ایک حالیہ انٹرویو میں جاوید اختر نے کہا ہے کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو تو خوب پذیرائی ملتی ہے، لیکن بھارت کے فنکاروں کو پاکستان میں وہ جگہ نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سرحد پار محبت کی فضا موجود نہیں، خاص طور پر پہلگام میں ہوئے حملے کے بعد، جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر لگایا ہے۔ جاوید اختر نے یہ بھی دعوی کیا کہ بھارت میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کا فائدہ صرف پاکستان کی فوج یا سخت گیر سوچ رکھنے والے حلقے اٹھاتے ہیں۔