پاکستان

پاک فوج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے، عسکری و سیاسی قیادت کا عزم

حکومت کی جانب سے اہم ان کیمرہ اجلاس میں پاکستان کی اعلی سیاسی و عسکری قیادت کو قومی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

اسلام آباد(کھوج نیوز) حکومت کی جانب سے اہم ان کیمرہ اجلاس میں پاکستان کی اعلی سیاسی و عسکری قیادت کو قومی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سیاسی رہنماؤں کو موجودہ کشیدہ صورتحال پر اعتماد میں لیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں استحکام کا خواہاں ہے، لیکن اگر کسی نے جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو مسلح افواج دشمن کو بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے کے بعد بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں منعقد ہوا۔ حملے میں 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر عائد کیا۔

بھارت نے جوابی اقدامات کے طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا، واہگہ-اٹاری سرحد بند کر دی، دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بند کرنے کا اعلان کیا، اور ویزوں سمیت دیگر سفارتی روابط بھی ختم کر دیے۔

پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے فضائی حدود بند کرنے، تجارتی روابط معطل کرنے اور دیگر سفارتی اقدامات کا اعلان کیا۔

اجلاس میں سیاسی قیادت کو فوجی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جبکہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے مسلح افواج پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم ہر قسم کے بیرونی خطرات کے مقابلے میں متحد ہے۔اجلاس میں علی حیدر گیلانی، سردار عتیق، نور عالم خان، طلال چوہدری، کھیل داس، بیرسٹر عقیل ملک، محسن رانجھا، مصطفی کمال، عامر مقام، بلال اظہر کیانی، قمر زمان کائرہ، محمود خان، ناصر شاہ، شرجیل میمن، سعید غنی، شازیہ مری اور شہباز بدر سمیت دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button