بھارت کے ایک اور طیارے کا ملبہ برآمد،یہ ملبہ کس طیارے کا ہے؟
بھارتی پنجاب کے ضلع بھٹنڈہ کے قریب گونیا منڈی کے علاقے میں واقع اکلیا گاؤں میں ممکنہ طور پر رافیل لڑاکا طیارے کا ملبہ برآمد ہوا ہے

بھٹنڈہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پنجاب کے ضلع بھٹنڈہ کے قریب گونیا منڈی کے علاقے میں واقع اکلیا گاؤں میں ممکنہ طور پر رافیل لڑاکا طیارے کا ملبہ برآمد ہوا ہے، جس نے نہ صرف مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیلا دیا بلکہ بھارتی فضائیہ کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے ایک طیارے کو غیر معمولی انداز میں پرواز کرتے دیکھا، جو گندم کے کھیتوں کے اوپر سے گزرا اور کچھ ہی دیر بعد زور دار دھماکے سے زمین پر آ گرا۔ جیسے ہی مقامی لوگ جلتے ہوئے ملبے کے قریب پہنچے، ایک شدید دھماکہ ہوا جس سے ایک مزدور موقع پر ہی جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے۔
ایک مقامی رہائشی نے دعوی کیا ہے کہ حادثے کے وقت پائلٹ بروقت طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا اور وہ تقریبا پانچ سے چھ کلومیٹر دور گنگا گاؤں کے قریب زمین پر اترا۔ فی الحال بھارتی حکام کی جانب سے طیارے کے ماڈل اور حادثے کی وجوہات سے متعلق باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔



