کانگریس سے شکست کا خوف، مودی پاکستان پر مضحکہ خیز الزامات لگانے پر مجبور
اتفاق دیکھئے آج ہندوستان میں کانگریس کمزور ہوتی جارہی ہے، مزے کی بات یہ ہے کہ یہاں کانگریس مر رہی ہے اور وہاں پاکستان رو رہا ہے: مودی کا الزام
اسلام آباد(کھوج نیوز) بھارت میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں کانگریس سے شکست سے خوف پر بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی پاکستان پر مضحکہ خیز الزامات لگانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انتخابات میں کامیابی کے لیے پاکستان کا نام استعمال کرنے پر مجبور نظر آرہے ہیں۔ بھارتی ریاست گجرات کے علاقے آنند میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا اتفاق دیکھئے آج ہندوستان میں کانگریس کمزور ہوتی جارہی ہے، مزے کی بات یہ ہے کہ یہاں کانگریس مر رہی ہے اور وہاں پاکستان رو رہا ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ اب پاکستانی لیڈر کانگریس کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔ انہوں نے راہل گاندھی کا نام لیے بغیر کہا پاکستان شہزادے کو وزیر اعظم بنانے کے لیے بے چین ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا ہم پہلے ہی جانتے ہیں کہ کانگریس پاکستان کی پرستار ہے۔ پاکستان اور کانگریس کے درمیان شراکت داری اب پوری طرح بے نقاب ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دشمنوں کو کمزور سرکار چاہیے۔ دشمن کو بمبئی دھماکوں کے وقت جو انڈیا میں سرکار تھی اس جیسی کمزور سرکار چاہیے، ان کو 2014 سے پہلی کی کمزور حکومت چاہیے۔