انٹرنیشنل

ایرانی سپریم لیڈر کا ہزاروں قیدیوں کو عام معافی دینے کا اعلان

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی نے عدلیہ کے سربراہ کی سفارش پر عام معافی کا اعلان کیا

تہران (کھوج نیوز، این این آئی)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی نے حال ہی میں حکومت مخالف مظاہروں میں گرفتار کیے گئے افراد سمیت ملک کی جیلوں میں قید ہزاروں افراد کو عام معافی دینے کا اعلان کردیا۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنائی کی جانب سے دی گئی اس عام معافی کا اطلاق ایران میں دوہری شہریت کے حامل قیدیوں پر نہیں ہو گا۔انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق زمین پر کرپشن میں ملوث افراد پر بھی اس معافی کا اطلاق نہیں ہو گا جہاں اس جرم میں ملوث چار افراد کو حال ہی میں سزائے موت بھی دی جا چکی ہے۔اس کے علاوہ غیرملکی خفیہ ایجنسیوں یا ایران کے مفادات کے خلاف کام کرنے والے عناصر کے لیے کام کرنے والوں پر بھی اس معافی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ستمبر میں پولیس کے ہاتھوں دوران حراست کْرد خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد سے ایران میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جہاں ان مظاہروں میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور یہ ایران کی حکومت کے بعد 1979 کے انقلاب کے بعد سب سے بڑا چیلنج بن گئے تھے۔

مقامی سماجی تنظیم کے مطابق اس دوران احتجاج اور مظاہروں میں شرکت اور اس سے تعلق کے الزام میں ملک بھر سے 20ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا جن کو حکام نے ایران کو بھڑکانے والے غیرملکی دشمن قرار دیا۔انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ اس دوران احتجاج میں 70 بچوں سمیت 500 سے زائد افراد مارے گئے جبکہ چار افراد کو سزائے موت دی گئی۔البتہ مظاہروں سے تعلق کے شبے میں چند افراد کو پھانسی دیے جانے کے بعد سے اس احتجاج کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

عدالت کے سربراہ غلام حسین محسنی نے سپریم لیڈر کو جیلوں میں قید افراد کو معافی دینے کے لیے لکھے گئے خط میں تحریر کیا کہ حالیہ واقعات کے دوران متعدد افراد بالخصوص نوجوانوں نے دشمنوں کے پروپیگنڈے کے نتیجے میں غلط اقدامات یا جرائم کیے تاہم اب دشمنوں کے ان عزائم کو ناکام بنائے جانے کے بعد متعدد نوجوان اپنے کیے پر نادم ہیں۔آیت اللہ خامنائی نے 1979 کے انقلاب کی سالگرہ کی خوشی میں عام معافی دینے کا اعلان کیا۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ اس معافی کا اطلاق غیرملکی ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کے الزامات کا سامنا کرنے والوں پر نہیں ہو گا جبکہ غیرملکی ایجنٹوں سے رابطے رکھنے، جان بوجھ کر قتل کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو بھی معافی نہیں دی جائے گی۔عدلیہ کے نائب سربراہ صادق رحیمی نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنے کیے پر ندامت کا اظہار نہیں کیا اور دوبارہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے تحریری ضمانت نہیں دی، انہیں بھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ناروے کی انسانی حقوق کی تنظیم نے رواں ہفتے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ایران میں زیر حراست کم از کم 100 مظاہرین کو سزائے موت دی جا سکتی ہے۔

ترکیہ، شام میں شدید زلزلہ، 118 افراد جاں بحق، سینکڑوں زخمی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button