گرمی کی شدت کا توڑ ،پانچ صحت مند اور ٹھنڈک فراہم کرنے والے جوس؟
جوسز کا استعمال دن میں ایک سے دو بار کرنا نہ صرف جسم کو تروتازہ رکھتا ہے بلکہ گرمی کے اثرات سے بھی محفوظ رکھتا ہے

کراچی (ہیلتھ ڈیسک )گرمیوں کا موسم اپنے ساتھ تپتی دھوپ اور جسم میں پانی کی کمی کا خطرہ لے کر آتا ہے۔ ایسے میں تازہ پھلوں کے جوس نہ صرف جسم کو ٹھنڈک فراہم کرتے ہیں بلکہ صحت کے لیے بھی بے حد مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق درج ذیل جوسز گرمیوں میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
تربوز کا جوس:
تربوز میں 90 فیصد پانی ہوتا ہے جو جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ اس میں موجود لائیکوپین نامی اینٹی آکسیڈنٹ سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے بچاتا ہے۔
لیموں کا شربت:
لیموں وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔ نمک اور چینی کے ساتھ لیموں پانی گرمی کی شدت میں راحت پہنچاتا ہے۔
آم کا جوس:
گرمیوں کا خاص پھل آم توانائی سے بھرپور ہوتا ہے۔ آم کا جوس جسم کو فوری توانائی فراہم کرتا ہے اور ذائقے میں بھی لاجواب ہوتا ہے۔
فالسے کا شربت:
فالسے میں ٹھنڈک بخش خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ اس کا شربت گرمی دانوں، متلی اور پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے۔
پودینے اور کھیرا جوس:
پودینے اور کھیرا دونوں جسم کو ٹھنڈک دیتے ہیں۔ ان کا ملا جلا جوس معدے کو سکون دیتا ہے اور جسمانی درجہ حرارت کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔