انٹرنیشنل
		
	
	
ریلوے ملازمین کی ہڑتال، ٹرینیں التواء کا شکار، مسافر خوار ہونے پر مجبور
ریلوے ملازمین نے حکومت سے تنخواہوں میں 14 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رکھا ہے جبکہ حکومت صرف 4 فیصد اضافے پر راضی ہے

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر برطانیہ میں لاکھوں ریلوے ملازمین کی ہڑتال کے باعث ٹرینیں التواء کا شکار ہونے لگیں جبکہ مسافر خوار ہو کر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ریلوے ملازمین نے حکومت سے تنخواہوں میں 14 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رکھا ہے جبکہ حکومت صرف 4 فیصد اضافے پر راضی ہے۔ لندن انڈر گرانڈ اسٹیشنز کا اسٹاف 4 اکتوبر اور 6 اکتوبر کو بھی ہڑتال کرے گا۔لندن سمیت برطانیہ کے دیگر علاقوں میں بھی ٹرینوں کا پہیہ جام رہا، دن میں ریل کی سروس انتہائی محدود جبکہ کئی علاقوں میں مکمل بند رہی۔ ہڑتال کے باعث اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی برطانیہ جانے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ملازمین کی ہڑتال سے 18 ماہ میں حکومت کو1 ارب پانڈ کا نقصان ہوچکا ہے۔
 
				


