امریکا میں ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف لاکھوں افراد کا احتجاج،کیا اس احتجاج سے ٹرمپ کی مقبولیت کم ہوئی ہے ؟
امریکہ کی تمام 50 ریاستوں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ پالیسیوں کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)ہفتہ کے روز امریکہ کی تمام 50 ریاستوں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ پالیسیوں کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ ان مظاہروں کو 50501 کا نام دیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے 50 احتجاج، 50 ریاستیں، ایک تحریک۔ یہ مظاہرے امریکی انقلابی جنگ کے آغاز کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر کیے گئے۔
مظاہرے وائٹ ہاؤس، ٹیسلا شورومز اور کئی بڑے شہروں کے وسطی علاقوں میں ہوئے، جن میں شرکا نے مختلف شکایات کا اظہار کیا۔ خاص طور پر کیل مار آبرے گو گارشیا کی جبری ملک بدری پر شدید ردعمل سامنے آیا، جسے غلطی سے ال سلواڈور بھیج دیا گیا تھا۔
سیاسی احتجاج اب امریکہ میں معمول بنتے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل ہینڈز آف کے نام سے اپریل کے آغاز میں ملک گیر مظاہروں میں بھی ہزاروں افراد شریک ہوئے تھے۔گیلپ کے حالیہ سروے کے مطابق ٹرمپ کی کارکردگی سے 45 فیصد ووٹر مطمئن ہیں، جو ان کی سابقہ مدت کے ابتدائی عرصے سے قدرے زیادہ ہے، تاہم 1952 سے 2020 کے درمیان منتخب ہونے والے صدور کے اوسط 60 فیصد ابتدائی مقبولیت سے کافی کم ہے۔
احتجاج میں صدر ٹرمپ کے سرکاری اداروں میں ملازمتوں اور اخراجات میں کٹوتی کے منصوبے اور آبرے گو گارشیا کی واپسی میں عدم دلچسپی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔



