روس کے لیے نئی مشکل ،امریکہ اور یوکرین میں اہم معاہدہ ہو گیا
امریکہ اور یوکرین نے ایک نیا معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت امریکہ کو یوکرین کے قیمتی معدنی ذخائر تک خصوصی رسائی ملے گی

واشنگٹن(مانیٹر نگ ڈیسک)امریکہ اور یوکرین نے ایک نیا معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت امریکہ کو یوکرین کے قیمتی معدنی ذخائر تک خصوصی رسائی ملے گی، اور دونوں ممالک مل کر جنگ کے بعد یوکرین کی تعمیر نو کے لیے ایک فنڈ قائم کریں گے۔ یہ معاہدہ واشنگٹن میں کئی مہینوں کی بات چیت کے بعد طے پایا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مکمل حمایت حاصل رہی۔ ٹرمپ چاہتے تھے کہ امریکہ کی جانب سے دی گئی امداد کا کوئی عملی فائدہ بھی سامنے آئے۔
یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ روس کے ساتھ جاری جنگ کے دوران امریکہ کی حمایت کو جاری رکھنے میں مدد دے گا۔
امریکہ کی طرف سے وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور یوکرین کی نائب وزیراعظم یولیا سویریڈینکو نے اس معاہدے پردستخط کیے ہیں۔امریکی وزارت خزانہ نے کہا کہ یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ یوکرین کی آزادی، خوشحالی اور خودمختاری کی حمایت میں سنجیدہ ہے۔
یوکرین کی نائب وزیراعظم کا کہنا ہے کہ امریکہ نہ صرف مالی امداد دے گا بلکہ ممکنہ طور پر دفاعی نظام جیسے دیگر وسائل بھی فراہم کر سکتا ہے، اگرچہ اس کی امریکی جانب سے تصدیق نہیں ہوئی۔
روس کے 2022 کے حملے کے بعد سے امریکہ یوکرین کا سب سے بڑا فوجی مددگار رہا ہے اور اب تک 72 ارب ڈالر سے زائد امداد فراہم کر چکا ہے۔ ٹرمپ نے اس موقع پر ایک بار پھر کہا کہ امریکہ کی مدد کے بدلے کچھ فائدہ بھی ہونا چاہیے، اور یوکرین کے نایاب معدنی وسائل امریکی مفاد میں اہم ہیں۔ امریکی وزارت خزانہ کے مطابق یہ شراکت دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کی نئی مثال ہے۔



