جنگی طیاروں کی تباہی کا اعتراف،بھارتی چیف آف ڈیفنس سے استعفیٰ مانگ لیا گیا
بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کے پاکستان کے ہاتھوں بھارتی جنگی طیاروں کی تباہی کے اعتراف نے بھارت میں شدید تنازع کھڑا کر دیا ہے

نیودہلی(ویب ڈیسک)جنگی طیاروں کی تباہی کا اعتراف،بھارتی چیف آف ڈیفنس سے استعفیٰ مانگ لیا گیا،بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کے پاکستان کے ہاتھوں بھارتی جنگی طیاروں کی تباہی کے اعتراف نے بھارت میں شدید تنازع کھڑا کر دیا ہے اور ان کے استعفے کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے۔ ایک انٹرویوز میں جنرل چوہان نے تصدیق کی کہ مئی 2025 کی پاک، بھارت فضائی جھڑپوں میں بھارتی فضائیہ کے کئی طیارے جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل بھی شامل ہیں تباہ ہوئے۔جنرل چوہان نے تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ طیارے کیوں گرے نہ کہ کتنے گرے، لیکن اس بیان نے بھارت میں تنقید کی لہر دوڑا دی ہے اور سابق بھارتی فوجی افسر اور دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے کہا کہ دو دن تک بھارتی طیاروں کے گراونڈ رہنے کا اعتراف انتہائی سنگین ہے اور یہ جنرل چوہان کے استعفے کے لیے کافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس انکشاف نے آپریشن سندور کی کامیابی کے دعووں پر سوالات اٹھا دیے ہیں اور جنرل چوہان کو اب عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو گمراہ کیا گیا اور اب سچ سامنے آرہا ہے۔انہوں نے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے اور دفاعی ناکامیوں کے غیر جانبدارانہ جائزے کے لیے کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔بھارتی انتہا پسند گروپوں اور بی جے پی کے کچھ رہنماوں، بشمول سبرامنیئن سوامی نے بھی جنرل چوہان سے استعفے کا مطالبہ کیا اور وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ پر بھی تنقید کی۔