انٹرنیشنل

گھریلو ملازمہ سے زیادتی کا جرم ثابت، سابق رکن پارلیمنٹ کو عمر قید کی سزا

ریوانا کے خلاف الزامات پہلی بار 2023ء میں ان کی درجنوں نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ اس وقت ریوانا نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا

کرناٹک (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک کی عدالت نے گھریلو ملازمہ سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر سابق رکن پارلیمنٹ پرجوال ریوانا کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ریوانا کے خلاف الزامات پہلی بار 2023 میں اس وقت منظر عام پر آئے جب ان کی درجنوں نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ اس وقت ریوانا نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا، تاہم سزا سنائے جانے کے موقع پر وہ عدالت میں رو پڑے اور سزا میں کمی کی اپیل کرنے لگے۔ واضح رہے کہ 34 سالہ ریوانا کا تعلق کرناٹک کے ایک بااثر سیاسی خاندان سے ہے اور وہ بھارت کے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے ہیں۔ ان کی جماعت جنتا دل (سیکولر) اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی کی اتحادی ہے۔

ریوانا کی ویڈیوز گردش میں آنے کے بعد وہ اپریل 2024 میں سفارتی پاسپورٹ پر بھارت سے جرمنی چلے گئے تھے، اس وقت انہوں نے اِن ویڈیوز پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا، البتہ ان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ویڈیوز جعلی ہیں، ایک ماہ بعد وطن واپسی پر انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ریوانا اب بھی زیادتی کے 2 مزید مقدمات اور ایک جنسی ہراسانی کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں جن میں وہ خود کو بے گناہ قرار دیتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button