انٹرنیشنل
غزہ میں اوسطا ہر گھنٹے میں کتنے فلسطینی بچے شہید ہوئے؟
7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے نتیجے میں اب تک18 ہزار 592 فلسطینی بچے شہید ہو چکے ہیں ' اوسطاً ہر گھٹنے میں ایک بچہ شہید ہوا

غزہ( مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے باعث اوسطاً ہر گھنٹے میں کتنے فلسطینی بچے شہید ہوئے؟ افسوسناک رپورٹ سامنے آنے کے بعد سب چونک کر رہ گئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق غزہ میں ہر گزرتا لمحہ ایک اور فلسطینی بچے کی جان لے رہا ہے۔ 7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے نتیجے میں اب تک18 ہزار 592 فلسطینی بچے شہید ہو چکے ہیں جو گزشتہ 22 ماہ کے دوران غزہ میں ہونے والی کل ہلاکتوں کا 31 فیصد ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے غزہ کو دنیا میں بچوں کے لیے سب سے خطرناک جگہ قرار دے دیا ہے کیونکہ یہاں نہ صرف بچوں کی بڑی تعداد لقمہ اجل بن چکی ہے بلکہ ہزاروں بچے زخمی، معذور اور یتیم ہو چکے ہیں۔ غزہ میں بعض نومولود بچوں کو زندگی کی صرف چند گھڑیاں نصیب ہوئیں اور وہ پیدائش کے چند ہی گھنٹوں بعد بمباری کا نشانہ بن گئے۔