جنوبی کوریا کو بڑا جھٹکا، خود کش ڈرون کا تجربہ بری طرح ناکام

جنوبی کوریا (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی کوریا کو بڑا جھٹکا لگ گیا ہے کیونکہ جنوبی کوریا کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کردہ خودکش ڈرون بحری جنگی مشقوں کے دوران لانچ ہونے کے چند سیکنڈ بعد ہی سمندر میں جا گرا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی ایجنسی فار ڈیفنس ڈیولپمنٹ (اے ڈی ڈی) نے بتایا ہے کہ لانچ ٹیوب کے نچلے حصے کے بائیں دروازے کی الائنمنٹ میں خرابی کے باعث ڈرون کا توازن بگڑ گیا اور وہ فائر ہوتے ہی اپنا توازن کھو کر دائیں جانب مڑ گیا اور سیدھا سمندر میں جا گرا۔ اے ڈی ڈی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایجنسی کو شبہ ہے کہ یہ خرابی ڈرون کو اسمبل کرنے یا لانچر کو منتقل کرنے کے دوران پیش آئی، تاہم واقعے کی حتمی اور درست وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حکام نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ خودکش ڈرون کے ٹیسٹ کے دوران اس قسم کا مسئلہ پہلی بار سامنے آیا ہے، جبکہ یہی لانچ ٹیوب اس سے قبل کئی بار استعمال کی جا چکی تھی۔



