اسلام آباد(کھوج نیوز) نئے مالی سال کے بجٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے کتنی اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی اس کے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت کھانے پینے کی5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی کیلئے فنڈز مختض کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صنعت وپیداوارنے یوٹیلیٹی اسٹورز سے نئے مالی سال کے لیے تجاویز مانگی ہیں، وزیراعظم ریلیف پیکیج کےلیے ان تجاویزکو نئے مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنایا جائےگا جب کہ موجودہ پیکج 30 جون کو ختم ہوجائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت 5 بنیادی اشیاء پر ماہانہ تقریباً 3 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، جن اشیاء پر سبسڈی دی جارہی ہے ان میں چینی، آٹا،گھی،دالوں اور چاول پربی آئی ایس پی صارفین کے لیے سبسڈی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بی آئی ایس پی صارفین کے لیے چینی کی قیمت 109روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جب کہ آٹے کا 10کلو تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بی آئی ایس پی صارفین کے لیے گھی کی فی کلو قیمت 393 روپے مقرر ہے۔