پاکستان

خواجہ آصف کا اسٹیبلشمنٹ کیخلاف بیان، حکومت کی مشکلات میں اضافہ کا امکان

ان جرنیلوں سے نواز شریف کی حکومت کے خاتمے اور دوسرے معاملات پر بھی جواب طلبی ہونی چاہیے: وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد (کھوج نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء و وزیر دفاع خواجہ آصف کا اسٹیبلشمنٹ کیخلاف بیان آنے کے بعد وفاقی حکومت کی مشکلات میں اضافہ کا امکان بڑھ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنماء و وزیر دفاع خواجہ آصف نے اعلان کیا ہے کہ وہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کو پارلیمنٹ کے سامنے طلب کرنے اور ان کا احتساب کرنے کیلئے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا ان سابق جرنیلوں اور عمران خان سے دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے پانچ ہزار افراد اور ان کے خاندان کے لوگوں کی عمران حکومت کے دوران افغانستان سے پاکستان منتقلی کی وجہ سے پاکستان میں ایک بار پھر دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا یہی نہیں بلکہ ان جرنیلوں سے نواز شریف کی حکومت کے خاتمے اور دوسرے معاملات پر بھی جواب طلبی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا یہ (جرنیل)ہوتے کون ہیں یہ سب کچھ کرنے والے۔ اس پر صحافی نے وزیر دفاع سے پوچھا کہ ایسا نہ ہو کہ پارلیمنٹ کے سامنے جرنیلوں کو جواب طلبی کیلئے بلانے پر آپ کی حکومت کو ایک بار پھر گھر جانا پڑ جائے، اس پر خواجہ آصف نے کہا کہ ہم پہلے بھی گھر چلے گئے تھے گھر کا راستہ پتا ہے پھرچلے جائیں گے۔ اب دیکھتے ہیں کہ خواجہ آصف صاحب کب جرنیلوں کو پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہی کیلئے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button