پاکستان

فضل الرحمن کے بعد علی امین گنڈا پور نے بھی ن لیگی حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا

صوبے کو مہنگی بجلی دی جارہی ہے اور بدترین لوڈشیڈنگ بھی ہے ، یہ اگر سمجھتے ہیں کہ ہم اس ناانصافی پر خاموش رہیں گے تو ان کی بھول ہے: علی امین گنڈا پور

خیبرپختونخوا (کھوج نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھی ن لیگی حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے، صوبے میں لوڈشیڈنگ برداشت نہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخواکے لوگوں کو چور کہنا برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے خیبر پختونخوا کے ڈیڑھ سو ارب روپے دینے ہیں، ہمارے صوبے کے بقایاجات واپس کیے جائیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ لوگوں کو ان کاحق دیناچاہتا ہوں۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہاکہ پارٹی کے ساتھ ہوئے ظلم کو معاف کر کے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کو مہنگی بجلی دی جارہی ہے اور بدترین لوڈشیڈنگ بھی ہے ، یہ اگر سمجھتے ہیں کہ ہم اس ناانصافی پر خاموش رہیں گے تو ان کی بھول ہے، وارننگ اس لیے دی جاتی ہے کہ آپ خبردار رہیں، اگر کوئی وارننگ کے باجود عمل نہ کرے تو ذمہ دار وہ خود ہوتا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ساڑھے چار سو ارب روپے سے زیادہ خسارہ ہے، وفاق پر بجلی کی مد میں 1510 ارب روپے کے واجبات ہیں، میں یہاں کے لوگوں کو ریلیف دے رہا ہوں تو آپ کو کیا تکلیف ہے، اپنے لوگوں کے لیے کوئی خیرات نہیں مانگ رہا پیسے ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہیلتھ کارڈ دوبارہ شروع ہوچکا ہے،کوشش ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں علاج بہتر ہوجائے، ہیلتھ کارڈ مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں تاکہ غلط استعمال نہ ہوسکے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کرپشن پر واضح پیغام ہے کہ رشوت دینے والے اور لینے والے برابر کے مجرم ہیں، ہم اداروں سے کرپشن ختم کرکے سزائیں دیں گے، مجھے لوگوں کو نکالنے کا کوئی شوق نہیں ہے اس لیے رشوت سے دور رہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button