پاکستان

نوازشریف کا دورہ چین،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

چینی حکام نے وزیراعظم میاں نوازشریف کو پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ،زراعت اور صحت کے شعبوں میں 10 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کی یقین دہانہ کروادی

لاہور(کھوج نیوز)نوازشریف کا دورہ چین،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی،رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے چین کا پانچ روزہ کامیاب دورہ مکمل کر لیا،واضح ہو کہ چینی حکام نے وزیراعظم میاں نوازشریف کو پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ،زراعت اور صحت کے شعبوں میں 10 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کی یقین دہانہ کروادی۔تفصیلات کے مطابق چینی حکام اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی نے سابق پاکستانی وزیراعظم میاں نوازشریف کے ساتھ بیجنگ میں ہونے والی ملاقاتوں میں ان تمام تجاویز سے اتفاق کرلیا ہے جوانھوں نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کے سامنے رکھی تھیں۔

چین کے سرمایہ کاروں نے میاں نوازشریف کی پنجاب میں آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے اس اعتبار سے سابق وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین انتہائی سودمند ثابت ہوا ہے ،اپنے دورہ چین کے موقع پر میاں نوازشریف نے چینی سرمایہ کاروں کو اس بات پر بھی قائل کر لیا کہ وہ لاہور کے آئی ٹی سینٹر سے اپنے کام کا آغاز کریں جس پر چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہکاری کے لئے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں اپنا کیمپ آفس بنانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

دوسری جانب چین سے میاں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے درمیان رابطہ بھی ہوا جس میں طے کیا گیا کہ چینی سرمایہ کاروں کی پنجاب میں آئی ٹی ،صحت اور زراعت کے شعبوں کے لئے آنے والی سرمایہ کاری کے لئے ابتدائی پیپر ورک مکمل کر لیا جائے تاکہ اگلے چند دنوں میں ان شعبوں میں چینی سرمایہکاری شروع کی جاسکے،اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے آج کابینہ کے اہم وزراء اور آئی ٹی ،زراعت سے تعلق رکھنے والے صوبائی حکام کو طلب کرکے ضروری ہدایات جاری کیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے چین کی حکومت کی خصوصی دعوت پر چین کا دورہ کیا۔نوازشریف کا چین میں پرجوش استقبال کیا گیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ چین کے ساتھ ساتھ سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اور قطر بھی پاکستان میں زراعت ،معدنی وسائل اور دیگر شعبوں میں بہت جلد ایک بڑی سرمایہکاری کا اعلان کریں گے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چین کے دورہ سے واپسی پر سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سعودی عرب سمیت متعدد خلیجی ریاستوں کا دورہ بھی کریں گے جس کا مقصد خاص طور پر صوبہ پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاری کے لئے دوست ممالک کو مشترکہ مفادات سے آگاہ کرنا ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button