پاکستان

عام انتخابات کب ہوں گے؟ عمران خان اور پرویز الٰہی نے حتمی اعلان کر دیا

الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا'سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کا جیل بھرو تحریک کی حمایت کا اعلان

لاہور ( سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اور عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس بھی موجود تھے ۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اعلان کردہ جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عدلیہ کے خلاف چلائی جانے مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے، جیل بھرو تحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے، قوم خوف کے بت توڑ کر میدان میں آ رہی ہے۔عمران خان نے مزید کہا نااہل ٹولے نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا اب آئین کی پامالی کی جا رہی ہے، یہ حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں۔چودھری پرویز الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا، حکمران اتحاد عمران خان سے خوفزدہ ہے، ان کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم ٹولہ الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کا مرتکب ہو رہا ہے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان پاکستانی عوام کیلئے امید کی روشنی ہیں، الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا، آج کے سیاسی فرعونوں کے خلاف قوم نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں، قوم عمران خان کی ہر کال پر لبیک کہنے کو تیار ہے۔

سی سی پی او لاہور نے محکمہ پنجاب پولیس کو کیوں ہائی الرٹ کر دیا؟ بڑی خبر منظر عام پر آگئی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button