پاکستان

لاہور ماسٹر پلان کیخلاف درخواستوں پر سماعت، ہائیکورٹ کے دبنگ ریمارکس

گرین ایریا کا حال دیکھ دل خون کے آنسو روتا ہے ،کسانوں سے زمینیں چھین کر معیشت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے'جسٹس شاہد کریم کے ریمارکس

لاہور (کورٹ رپورٹر، این این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے ماسٹر پلان 2050 کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی ،عدالت نے لاہور ماسٹر پلان کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کر دی۔منگل کے روز ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے لاہور ماسٹر پلان 2050 کے خلاف مختلف درخواستوں پر سماعت کی ۔

اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے لاہور ماسٹر پلان کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کر دی۔دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ لاہور کے شہریوں کے بنیادی حقوق کا معاملہ سیاسی حکومت اور ایل ڈی اے پر نہیں چھوڑ سکتے ،اس معاملے پر بین الاقوامی کنسلٹنٹ بلا کر جائزہ لے لیتے ہیں ،اس معاملے پر مفاد عامہ کے طور پر دیکھیں گے ۔اتوار کو لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ،گرین ایریا کا حال دیکھ دل خون کے آنسو روتا ہے ،بی آر بی نہر کے پاس جا کر دیکھیں کھیت اکھاڑ کر کالونیاں بن رہی ہیں ،روڈا میں بھی یہی کچھ ہو رہا ہے ،یہ درخواست گزاروں کا معاملہ نہیں ہے یہ شہریوں کی زندگی کا معاملہ ہے ،موسمیاتی تبدیلیاں ہماری زندگی کا مسئلہ بن گیا ہے ،ناں ہمارے پاس کوئی ذرائع ہیں ناں انتظامیہ دیکھ رہی ہے کہ ہو کیا رہا ہے ،کسی بھی ماسٹر پلان میں سب سے پہلے یہ ہونا چاہیے کہ انڈسٹری کو شہری سے باہر کرنا ہو گا۔

جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ یہ 2050 تک کا پلان ہے جو شہریوں پر اثر انداز ہوگا، افسوس کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ کھیت کھلیان ختم کر کے راتوں رات سوسائٹیاں بنا دی جاتی ہیں، شاندار سبز کھیتوں کو ختم کر کے ہاسنگ سوسائٹیاں بنائی جا رہی ہیں، کسانوں سے زمینیں چھین کر معیشت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ پہلے کہتا تھا کہ یہ ہمارے مستقبل کا معاملہ ہے، آج جو آلودگی کی صورتِ حال ہے اس سے ہماری اور بچوں کی بقا خطرے میں پڑ گئی ہے، ہم سب کو اس معاملے کا جائزہ لینا ہوگا، شہر جا کر دیکھیں اس کی اس وقت حالت کیا ہے، شہریوں کے بنیادی حقوق کا معاملہ سیاسی حکومت اور ایل ڈی اے پر نہیں چھوڑ سکتے۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ ایسے ماحول میں ہماری زندگی کا گزارا کرنا مشکل ہو گیا ہے، مجھے دخل اندازی کرنے کا شوق نہیں مگر دل دکھتا ہے۔بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

لاہور کا نیا نقشہ تیار، کتنی یوسیز شامل کی گئیں؟ تمام تفصیلات منظر عام پر

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button