پاکستان

اسحا ق ڈارنے اوورسیز پاکستانیوں کو قوم کا محسن اور ملک کا قیمتی سرمایہ قراردیا

اوورسیزپاکستانیوں کو درپیش مسائل کاحل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،ن لیگ اوورسیزپاکستانیز سے کئے گئے ہر وعدہ کو پورا کرے گی

اسلام آباد(کھوج نیوز، این این آئی)وفاقی وزیرخزانہ و مسلم لیگ (ن)انٹرنیشنل افیئرز کے سربراہ اسحا ق ڈارنے اوورسیز پاکستانیوں کا قوم کا محسن اور ملک کا قیمتی سرمایہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ مشکل حالات میں بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت سے حاصل قیمتی زرمبادلہ بھجواکراپنی قومی ذمہ داری ادا کررہے ہیں،اوورسیزپاکستانیوں کو درپیش مسائل کاحل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،مسلم لیگ(ن)پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو نمائندگی دینے سمیت اپنے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔وہ مسلم لیگ(ن)سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کی سربراہی میں(ن)لیگ سعودی عرب کے وفدسے اپنے دفترمیں ملاقات میں بات چیت کررہے تھے ۔

اس موقع پر شیخ سعید احمد نے مسلم لیگ (ن)انٹرنیشنل افیئرز کے سربراہ کو سعودی عرب میں پارٹی کی بنائی جانے والی پندرہ شاخوں سمیت دیگر تنظیمی امور سے آگاہ کیا۔اسحاق ڈار نے سعودی عرب میں پارٹی کی مضبوطی ،تنظیم سازی وپاکستانی بھائیوں کے مسائل کے حل کے لئے خدمات کو سراہا۔ شیخ سعید احمد نے اس موقع پر انہیں بتایاکہ سعودی عرب میں تیس لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں ،اوورسیزپاکستانیزفاونڈیشن(اوپی ایف)اور اوورسیز کی وزارت میں سعودی عرب کے معاملات کے فوری نمٹانے کے لئے فوکل پرسن مقررہوناچاہئے جس سے اتفاق کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے اس ضمن میں فوری کارروائی کرنے کا یقین دلایا۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے سعودی بھائیوں کی طرف سے کئے جانے والے تعاون کوانتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں،سعودی عرب میں مقیم پاکستانی مملکت کی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ اپنی ان خدمات کے ذریعے پاکستان کے لئے مزید نیک نامی کا باعث بنیں گے۔ شیخ سعید نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے قائدنوازشریف اوروزیراعظم شہبازشریف نے ہمیشہ اوورسیزپاکستانیوں کے لئے جس محبت کا اظہارکیاہے اس وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانی گہری عقیدت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اوورسیزپاکستانیوں کو یقین ہے کہ (ن)لیگ کی قیادت پارلیمنٹ میں نمائندگی سمیت ان سے کئے گئے تمام وعدوں کو نبھائے گی جس پر اسحاق ڈار نے بھی کہاکہ ہم اپنے اوورسیزپاکستانی بھائیوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، قاسم سوری نے حکومت کے پرخچے اڑا کر رکھ دیئے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button