پاکستان

دفتر محتسب پنجاب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2022 ء سامنے آگئی

دفتر محتسب پنجاب نے 2022 میں 30 ہزار شکایات کے ازالے کے علاوہ 13.84 بلین روپے کا مالی ریلیف فراہم کیا

لاہور (سپیشل رپورٹر، آن لائن) محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان خان نے آج گورنر ہائوس لاہور میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو دفتر محتسب پنجاب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ برائے 2022 پیش کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میںچیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، انتظامی سیکرٹری صاحبان اور محتسب آفس کے ایڈوائزرز اور کنسلٹنٹس نے بھی شرکت کی۔

محتسب آفس کی سالانہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے اعظم سلیمان نے بتایا کہ سال 2022 میں کل موصول شدہ 31,149 شکایات میں سے 96 فیصد شکایات کو نمٹا دیا گیا جن کی کل تعداد 29,970 ہے۔ ان میں سے 26,511شکایات 45 یوم جبکہ 3459 شکایات کو مختلف انتظامی امور کی بناء پر 45 یوم سے زائد عرصہ میں نمٹایا گیا۔ محتسب پنجاب نے بتایا کہ عوامی شکایات پر موثرکارروائی کے نتیجے میں شکایات کنندگان اور حکومت کو مجموعی طور پر 13.842 بلین روپے کا ریلیف ملاجس میں سے 9.117 بلین روپے مالیت کی 29,363 کنال سرکاری اورپرائیویٹ اراضی کو واگزار کروایا گیا جبکہ شکایت کنندگان کو حاصل ہونے والے مالی ریلیف کی کل مالیت 4.725 بلین روپے ہے۔محتسب پنجاب نے مزید کہا کہ سال 2022 میں موصولہ اور نمٹائی جانے والی شکایات کی تعداد کسی بھی سال کی شکایات کی تعداد سے زیادہ ہے جو دفتر محتسب پنجاب پر عوام کے بڑھتے اعتماد کا ثبوت ہے۔ محتسب پنجاب نے کہاکہ سال 2022 میں محکمہ ہائے مال کے خلاف 5584، پولیس 4324،لوکل گورنمنٹ 3681، سکول ایجوکیشن 1791، ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ وپبلک ہیلتھ انجینئرنگ 1690، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر 1461، ہائر ایجوکیشن 983، کمیونیکیشن اینڈ ورکس 959، اکائونٹنٹ جنرل پنجاب 946 اور انہار کے خلاف 821 شکایات موصول ہوئیں۔

دریں اثناء محتسب آفس کے حکم پر 2022 میں 150 سائلین کو پنجاب سول سرونٹس (تقرری و شرائط ملازمت) رولز مجریہ 1974ء کے قاعدہ 17 اے کے تحت سرکاری محکموں میںملازمتیں فراہم کی گئیں۔بچوں سے متعلقہ جرائم سے نمٹنے کیلئے دفتر محتسب پنجاب میں چیف صوبائی کمشنر برائے اطفال کے سیل نے 2022 میں246 شکایات کو حل کیا۔اس کے علاوہ محکمہ داخلہ پنجاب نے محتسب آفس کی مداخلت پر صوبہ بھر میں 10 لاکھ 44 ہزار 62 اسلحہ لائسنسوں کی تصدیق کا عمل بھی مکمل کیا ہے۔محتسب پنجاب نے2021 اور 2022 کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ سال 2021 میں موصولہ 17,968 شکایات کے مقابلے میںسال 2022 میں 73 فیصد زیادہ شکایات موصول ہوئیںاورسال 2021 کی 17,654 شکایات کے مقابلے میں سال 2022 میں شکایات کو نمٹانے کاتناسب پچھلے سال کے مقابلے میں 70 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح سال 2021 کے فراہم کردہ 1.452 بلین روپے ریلیف کے مقابلے میں سال 2022 میں 13.842 بلین روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔دفتر محتسب پنجاب کے فیصلوں کے خلاف گورنر پنجاب کو عرضداشت پیش کی جا سکتی ہے۔ سال 2022 کی29,970شکایات کے فیصلوں میں سے گورنر کو کی گئی403 اپیلوں پر فیصلے کرتے ہوئے دفتر محتسب پنجاب کے 26 فیصلوں کیخلاف اپیلیں منظورکی گئیں۔ اس طرح محتسب پنجاب کے بر قرار رہنے والے فیصلوں کی مجموعی شرح 99.12 فیصد ہے۔

اعظم سلیمان خان نے محکمانہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ 1996 سے 2022 تک 26 سالوںمیں موصولہ کل 3,80,206شکایات میں سے 3,77,339کو حل کیا گیا ہے جس سے عوامی مسائل کے حل کا مجموعی ڈسپوزل ریٹ 99.24 فیصد رہا۔اسی طرح 2022 میں پانچ اضلاع میں دفاتر کی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں جبکہ سال رواں میں مزید آٹھ اضلاع میں دفاتر کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے زمین کے حصول کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔بدعنوانی اور ناانصافی کی وجوہات کا پتہ لگانے اور حکومت کو اصلاحی اقدامات کی سفارش کے لیے ریسرچ اینڈ اینالیسز ونگ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔اعظم سلیمان خان نے مزید کہاکہ دفتر محتسب پنجاب کومکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے اورعوامی رہنمائی اور شکایات کے ٹیلیفونک اندراج کیلئے 7/24 ڈیجیٹل ہیلپ لائن 1050 کو متعارف کروایا ہے۔ اسی طرح عوامی سہولت کیلئے اردو اور انگریزی زبان میں موبائل ایپ لانچ کی گئی ہے جس سے عوام کو اپنی درخواست پر کارروائی سے باخبر رکھاجاتا ہے۔مزید براں تارکین وطن حکومت پنجاب کے محکموں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے دفتر محتسب پنجاب کو اپنی شکایت موبائل ایپ یا ویب سائٹ www.ombudsmanpunjab.gov.pk پر بھی درج کروا سکتے ہیں۔تقریب سے گورنر پنجاب نے بھی خطاب کیا اور دفتر محتسب پنجاب کی کارکردگی کو سراہا۔

حکومتی بل کی اصل حقیقت کیا ہے؟ پرویز الٰہی نے بڑا بیان داغ دیا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button