پاکستان

ٹریفک وارڈنز کی محکمانہ ترقی، امتحانات کب ہوں گے؟ آئی جی پنجاب نے بتا دیا

بہترین کارکردگی کے حامل وارڈنز اور دیگر ٹریفک سٹاف میں 75 لاکھ کے انعامات تقسیم، محکمانہ ترقی کیلئے سینئر وارڈنز کی سیٹوں میں اضافے کی سمری حکومت نے منظور کر لی

لاہور (کرائم رپورٹر، آن لائن) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ شاہرات پر خدمات سر انجام دینے والے ٹریفک وارڈنز فیلڈ میں پنجاب پولیس کا حقیقی چہرہ ہیں جو دوران ڈیوٹی اپنے رویے اور پروفیشنلزم سے فیلڈ میں محکمہ پولیس کی نمائندگی کرتے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام وارڈنز ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی خدمت و حفاظت کا فریضہ پوری ایمانداری کے ساتھ سر انجام دیں اور شہریوں کی سہولت کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل مزید آسان کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ محکمانہ ترقی کیلئے 15 اپریل کو اے لسٹ جبکہ 23 اپریل کو بی لسٹ کا امتحان ہو گا جبکہ بہترین کارکردگی کے حامل ٹریفک وارڈنز اور دیگر ٹریفک سٹاف کو رواں ہفتے 75 لاکھ کے انعامات دئیے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ گمشدہ بچوں کو والدین سے ملانے کیلئے تیار کردہ ایپ خصوصی کردار ادا کرے گی، اس ایپ میں گمشدہ بچوں کے ایڈریسز اور والدہ کا ڈی این اے سیمپل سمیت دیگر مفید شواہد کا ڈیٹا موجود ہوگا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ وارڈنز کی محکمانہ ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے سینئر وارڈنز کی سیٹوں میں اضافے کی سمری حکومت نے منظور کر لی ہے، ان نئی سیٹوں کی منظوری سے لاہور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی محکمانہ ترقی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار شہید احمد مبین پولیس لائنز مناواں دورہ کے موقع پر ٹریفک پولیس دربار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے لاہور ٹریفک پولیس کے دربار میں وارڈنز اور اسسٹنٹ وارڈنز کے ساتھ خطاب میں ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام وارڈنز خوش اخلاقی اور خدمت انسانیت کو نصب العین بناتے ہوئے شہریوں سے قوانین کی پاسداری یقینی بنائیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس سنٹر میں آنے والے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ باآسانی لائسنس حاصل کرسکیں۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک پولیس کے شہداء کے بچوں سے ملاقات کی اور افسران کو انکی بہترین ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایات دیں۔ آئی جی پنجاب نے دربار میں بہترین کارکردگی کے حامل وارڈنز کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد دیں۔آئی جی پنجاب مناواں سنٹر میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے آئے شہریوں سے بھی ملے اور ان سے دستیاب سہولیات بارے دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ایس پی یو، طیب حفیظ چیمہ، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ، اور سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) مستنصر فیروز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی، عمران خان کا پیش ہونے سے صاف انکار ؟

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button