پاکستان

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا زمان پارک میں آپریشن ،کیمپ اور رکاوٹیں ہٹا دیں

پی ٹی آئی کارکنان کی مزاحمت، پولیس نے پرتشدد کارروائیوں پر متعدد افراد کو گرفتارکر لیا ' تلاشی کے دوران 16رائفلیں ،ڈنڈے، غلیلیں اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا

لاہور (رپورٹنگ ٹیم، آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے بعد پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ نے زمان پارک میں آپریشن کیا ،زمان پارک میں لگے کارکنوںکے کیمپوں میں موجود کارکنوں کی جانب سے مزاحمت اور پتھرائو کیا گیا جس پر پولیس نے واٹر کینن کے استعمال کے بعد لاٹھی چارج کر کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ، اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ نے کرینوںکی مدد سے زمان پارک کے باہر لگے کیمپوںاور دیگررکاوٹوں کو اکھاڑ دیا ،پولیس عمران خان کی رہائشگاہ کے اندر بھی داخل ہوگئی اور مختلف مقامات کی تلاشی کے دوران 16رائفلوں سمیت کئی ممنوعہ اشیاء برآمدہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے انتظامی جج کی جانب سے سرچ وارنٹ ملنے کے بعد زمان پارک پہنچے ،گھر کے اندر داخل ہوتے ہوئے لیڈیز پولیس آگے تھی، عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کے مطابق پولیس نے ان کے شوہر کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے قافلے کے ہمراہ اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کیلئے روانہ ہوئے تو اس کے بعد پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ بھاری مشینری کے ساتھ زمان پارک اور کینال روڈ پر پہنچ گیا ۔ اس دوران کئی شاہراہوں کو کنٹینرز کھڑے کر کے بند کر دیا گیا ۔ اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ کی جانب سے زمان پارک میں لگے کیمپوں اور رکاوٹوں کو اکھاڑ دیا گیا ۔عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر حفاظت کے لئے قائم برجیاں بھی توڑ دی گئیں ۔ پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کرین کی مدد سے مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی جبکہ گھر کے اندر بھی توڑ پھوڑ کی گئی ۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس کے پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی اور پتھرائو کیا گیا جس پر پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کرنے کے بعد متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے عمران خان کی رہائشگاہ کے اندر داخل ہونے کے بعد رہائشگاہ کے عقبی حصے ، چھت سمیت دیگر کئی مقامات پر بھی تلاشی لی۔میڈیا رپورٹ میں پولیس اہلکارکے حوالے سے کہا گیا ہے کہ عمران خان کے گھر کے اندر سے فائرنگ ہوئی ۔

پولیس کے مطابق کارکنان زمان پارک میں واقع گرانڈ اور عمران خان کی رہائشگاہ کے قریب کیمپوں میں بھی موجود تھے جنہوں نے پتھرائو کیا ۔پولیس کی جانب سے عمران خان کی رہائشگاہ سے پٹرول بم بنانے والی بوتلیں جبکہ کارکنوں کے کیمپوں سے غلیلیں اور کنچے بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کی رہائشگاہ سے 16رائفلیں بھی ملی ہیں ، رہائشگاہ سے ملنے والے اسلحے کی تصدیق کی جارہی ہے ۔پولیس نے مزاحمت کرنے پر واٹر کینن کے استعمال کے بعد کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا اور متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔پولیس کے مطابق زمان پارک میں آپریشن کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے پتھرا ئوکیا جس سے 3 پولیس اہلکارزخمی ہوگئے جنہیں سروسزہسپتال منتقل کردیا گیا۔اطلاع ملنے پر عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹرعظمی زمان پارک پہنچ گئیں اور انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ان کے شوہر کو بھی گرفتار کر لیاہے ۔ ڈاکٹر عظمیٰ نے کہا کہ پولیس سے کہا گیا کہ گھر میں عورتوں اور بچوں کے سوا کوئی نہیں ،پی ٹی آئی کی چند خواتین کارکنان بھی عمران خان کی رہائشگاہ پہنچ گئیں ۔

خواتین کارکنان نے کہا کہ بشری بی بی گھر میں موجود ہیں کسی کو اندرنہیں جانے دیں گے، بشری بی بی باپردہ خاتون ہیں ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ پولیس حکام کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے انتظامی جج سے سرچ وارنٹ لے کر زمان پارک پہنچے ، وارنٹ دکھانے پر اجازت نہیں دی گئی اور مزاحمت بھی کی گئی جس پر قانون حرکت میں آیا ۔پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ کے آپریشن سے قبل زمان پارک کی طرف آنے والی شاہراہوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔پولیس کی طرف سے مال روڈ انڈر پاس کو کنٹینر اور بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ دھرم پورہ، ریلوے پھاٹک اور گڑھی شاہو جانے والے راستے بھی بند کر دئیے گئے ۔میو گارڈن، اپر مال اور دیگر انڈر پاسز بھی بند کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی جبکہ بند کیے گئے راستوں پر خاردار تاریں بھی بچھا دی گئیں۔ زمان پارک میں آپریشن کے حوالے سے نگران صوبائی وزیراطلاعات عامر میر نے کہا کہ آپریشن عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں ہے ، زمان پارک میں نوگو ایریا بنایا گیا تھا جسے ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیاہے ۔عمران خان کی رہائشگاہ کے اندر سے پولیس پر پتھرا ئوکیا گیا، پٹرول بم پھینکے گئے ہیں، زمان پارک کو نوگو ایریا نہیں بننے دیں گے، عمران خان کی موجودگی میں ہم ایسا نہیں کرنا چاہتے تھے۔پولیس نے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف آپریشن کیا۔

پولیس کے زمان پارک میں آپریشن پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے گھر پر بزدلانہ حملہ ہوا ہے،عمران خان کی اہلیہ بشری بیگم جو ایک پردہ دار گھریلو خاتون ہیں چادر اور چاردیواری کے تمام اصول پامال کر کے پولیس گھر میں گھس گئی ہے، انہیں کسی عدالت کسی قانون کی پرواہ نہیں ۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ امکان ہے خبروں میں بتایا جائے گا کہ زمان پارک سے ہیروئن، اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا ،امکان ہے خبروں میں یہ بھی بتایا جائے کہ زمان پارک سے غیرملکی نقشے اور سازشی دستاویزا برآمد کئے گئے ، انہوںنے قانون اور انصاف کو سرکس بنا دیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ پر دھاوا بولا ،بشری بی بی اکیلی خاتون گھر میں تھیں ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا،اس اقدام کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ کے حکم نامے کی بھی خلاف ورزی کی گئی ۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ لگتا ہے ملک خدانخواستہ کسی بڑے حادثے سے دوچار ہوگا تو ہی مریم صفدر کے سینے میں ٹھنڈ پڑے گی ،،اس طرح ہیوی مشینری سے آپریشن کیا گیا جیسے دہشتگردوں کے ٹھکانے مسمار کرنے ہیں ، اعلیٰ عدلیہ کے واضح احکامات کے باوجود انتشار پر مبنی سر گرمیاں کر کے آخر کیا پیغام دیا جارہا ہے ؟،جیسے جیسے مریم صفدر کی بے چینی بڑھتی ہے پولیس کی سر گرمیوں میں بھی تیز ی آ جاتی ہے ، عمران خان کی بڑھتی مقبولیت کے خوف سے مریم صفدر کا چہرہ مرجھایا ہوا ہے ۔انہوںنے کہا کہ نگران حکومت شاہ سے زیادہ شاہ کی وفادار بننے کی بجائے اپنا آئینی کردار ادا کرے ، اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے زمان پارک پولیس کے غیر قانونی آپریشن پر از خود نوٹس لیا جائے ۔

پی ایس ایل 8 ‘ لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button