جسٹس فائزعیسیٰ قاضی امتحان میں فیل ہوں گےیا پاس؟انصارعباسی نےسوال اُٹھا دیا
نئے چیف جسٹس اچھی ساکھ کے مالک ہیں لیکن اُن کو تاریخ کیسے دیکھے گی اس کا فیصلہ اس بات پر ہوگا کہ اُن کا کردار بحیثیت چیف جسٹس کیا رہتا ہے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) صحافی انصار عباسی نے ایک قومی روزنامہ میں لکھے گئے کالم میں سوال آُٹھایا ہے کہ چیف جسٹس فائز عیسیٰ قاضی اپنے امتحان میں فیل ہوں گے یا پاس؟انصارعباسی آگے لکھتے ہیں کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پاکستان کے چیف جسٹس بن گئے۔ اب اُن کا امتحان شروع ہوا چاہتا ہے۔ نئے چیف جسٹس اچھی ساکھ کے مالک ہیں لیکن اُن کو تاریخ کیسے دیکھے گی اس کا فیصلہ اس بات پر ہوگا کہ اُن کا کردار بحیثیت چیف جسٹس کیا رہتا ہے۔
مختلف لوگوں کی اُن سے مختلف توقعات وابستہ ہیں۔ کوئی چاہتا ہے کہ چیف جسٹس ماضی میں کئے گئے غلط سیاسی فیصلوں کو درست کریں۔ کسی کی خواہش ہے کہ وہ فوجی عدالتوں کو سب سے پہلے ختم کریں۔ سیاسی جماعتوں کی چیف جسٹس سے متعلق اپنی اپنی توقعات ہیں۔ تاہم میری نظر میں چیف جسٹس صاحب کا اصل امتحان یہ ہوگا کہ کیا وہ عمومی طور پر پاکستان کی عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال کر پائیں گے۔
اگر ایک طرف سپریم کورٹ سے یہ توقع ہوگی کہ اُس کا جھکاؤ کسی ایک سیاسی طبقہ کی بجائے آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنے پر مرکوز ہو، عدالت عظمیٰ کے ججوں کی تقسیم ختم ہو، چیف جسٹس کے بینچ بنانے، مقدمات لگانے وغیرہ جیسے اختیارات کو غلط استعمال ہونے سے بچانے کے لئے اصلاحات کی جائیں تو دوسری طرف پاکستانی قوم کو عام عدالتوں میں انصاف چاہئے۔ جلد اور سستا انصاف۔



