بیورو کریسی میں سیاسی تقرریاں، مریم نواز نے پیپلز پارٹی کو پنجاب میں لال جھنڈی دکھا دی
(ن) لیگ یا پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کی سفارش پر صوبائی سول انتظامیہ میں سیاسی تقرریوں کی اجازت نہیں دی جائے گی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

اسلام آباد(کھوج نیوز) بیورو کریسی میں سیاسی تقرریاں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کو پنجاب میں لال جھنڈی دکھا دی ، جس کے بعد ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار انصار عباسی نے تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی زیر قیادت پنجاب حکومت نے اپنی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کو آگاہ کیا ہے کہ (ن) لیگ یا پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کی سفارش پر صوبائی سول انتظامیہ میں سیاسی تقرریوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان پنجاب میں مسائل کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں شامل ایک ذریعے کے مطابق، سویلین بیوروکریسی میں سیاسی تقرریوں کی حوصلہ شکنی کے صوبائی حکومت کے فیصلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات میں پیپلز پارٹی نے بھی معقول رویئے کا اظہار کیا۔ پیپلز پارٹی اپنے اس مطالبے پر قائم نہیں رہی کہ پنجاب کے جن علاقوں میں پیپلز پارٹی نے فروری 2024 کے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے وہاں سول انتظامیہ اور پولیس کی تقرریوں میں اسے حصہ دیا جائے۔ کہا جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی کو یقین دلایا گیا کہ سول انتظامیہ اور پولیس میں تقرریاں (ن) لیگ کے کسی رکن قومی یا صوبائی اسمبلی کی سیاسی مداخلت کے بغیر میرٹ پر کی جائیں گی۔ پیپلز پارٹی پنجاب کی بیوروکریسی میں تقرریوں میں اپنا حصہ چاہتی تھی بالخصوص ان اضلاع میں جہاں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی موجودگی ہے۔ تاہم مریم نواز پارٹی وابستگی سے قطع نظر سیاستدانوں کی سفارشات کی بنیاد پر بیوروکریسی میں تبدیلیاں کرنے کو تیار نہیں۔