شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف، شہباز شریف، زرداری اور عمران خان پر چونکا دینے والا الزام لگا دیا
فارم 47 والے ملک نہیں بنا سکتے، اشرافیہ کی حکومت ایک فیصد کی حکومت ہے جو نظام کی تبدیلی نہیں چاہتے' زرداری، نوازشریف، شہباز شریف اور عمران خان الیکٹیبل ہیں: عباسی

اسلام آباد(کھوج نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عوام پاکستان پارٹی کی افتتاحی تقریب میں نوازشریف، شہباز شریف، زرداری، بلاول، مریم نواز اور عمران خان پر چونکا دینے والا الزام لگا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عوام پاکستان پارٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں اپنے اقتدار کی پرواہ ہے ملک کی نہیں، پاکستان میں جماعتیں مخصوص مقاصد کیلئے بنتی رہی ہیں، ہم نے ابھی کسی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت نہیں دی، الیکٹیبل سیاست کا حصہ ہیں لیکن ہر الیکٹیبل قابل قبول نہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا فارم 47 والے ملک نہیں بنا سکتے، ہر کوئی پوچھتا ہے کہ کیا آپ کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ ہے، ہر کوئی سوچتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے بغیر سیاسی جماعت ناکام ہے، جن پارٹیوں کو اسٹیبلشمنٹ نے بنایا وہی لوگ ایسا سوچتے ہیں، ہم نے بڑے بڑے تجربات کر لیے ایک بار ملک کو آئین کے تحت چلا کر دیکھ لیں، ملک ضابطے کے بغیر نہیں چل سکتا، آئین توڑتے رہیں تو ملک نہیں چل سکتا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا جس سیاست دان کی شہرت ٹھیک نہیں وہ عوام پاکستان جماعت کا حصہ نہیں بنے گا، ہم ہر اچھے برے وقت میں ایک جماعت کا حصہ رہے، اگر سیاست صرف اقتدار کیلئے ہی ہو تو اس کاحصہ نہیں رہ سکتے۔
ان کا کہنا تھا تین چار ہفتے بعد ملکی مسائل سے متعلق پارٹی کا وژن بتائیں گے، معاشی ترقی اور استحکام کیلئے انصاف کا نظام چاہیے، ہم بغیر پڑھے قانون پاس کرتے ہیں میں بھی ان کا حصہ رہا ہوں، جو قانون بنائے جاتے ہیں وہ حکمرانوں کے لیے نہیں عوام کیلئے ہوتے ہیں، ملک کو آئین کے مطابق چلانا پڑے گا، ملک میں گورننس، پولیس اور دیگر نظام ناکام ہو چکا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا اس ملک میں ہر کوئی احتساب کی بات کرتا ہے، احتساب کرنا ہے تو ان کا کریں جو خود ٹیکس نہیں دیتے دوسروں پر لگاتے ہیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا بجٹ میں کسی ایک معاملے میں اصلاح کی بات نہیں کی، جب تک نظام نہیں بدلے گا ملک آگے نہیں چلے گا، گورننس کی بہتری مقامی حکومت کی مضبوطی سے ہی ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رشتے آئینی اداروں کے درمیان کرسی کے حصول کیلئے نہیں ہوں گے، ہم جماعت میں پیسے اور رشتے داری کی سیاست کو آنے نہیں دیں گے۔