بجلی کے بلزمیں مصنوعی اضافی یونٹس،وزیراعظم نےملوث افسران کی بینڈ بجادی
وزیر اعظم شہبازشریف نے بجلی کے بلزمیں مصنوعی اضافی یونٹ شامل کر کے عوام کی مشکلات بڑھانے والے افسران کے خلاف ایکشن لے لیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیر اعظم شہبازشریف نے بجلی کے بلزمیں مصنوعی اضافی یونٹ شامل کر کے عوام کی مشکلات بڑھانے والے افسران کے خلاف ایکشن لےلیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نےمعاملےکا نوٹس لیتے ہوئے مصنوعی اضافی یونٹ شامل کرنے والے افسران و اہلکاروں کی نشاندہی کیلیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو تحقیقات کی ہدایت کردی۔
شہبازشریف نے اپنے بیان میں ہدایت کی کہ ایسے عوام دشمن افسران و اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ آج ایک بار پھر پروٹیکٹڈ صارفین سے کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کا انکشاف سامنے آیا۔ 170 سے 200 یونٹس والوں کو اضافی یونٹس ڈالنے پر بلز میں ہزاروں روپے اضافی بل ادا کرنا پڑا۔
لیسکو کے ہزاروں صارفین کو 200 سے اوپرکیٹیگری میں زبردستی شامل کیا گیا۔ 201 سے اوپر یونٹس ڈالنے سے بل 8 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ الیکٹرک کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ اوور بلنگ نہیں کی گئی 30 روزہ آٹو میٹک کمپیوٹر بلنگ کرتا ہے۔ اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور الیکٹر ک سپلائی کمپنی کے خلاف پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے انکوائری شروع کر دی۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ لیسکو نےمبینہ طورپرلاکھوں پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ کی اور کم یونٹس والے صارفین کو 200 سے زائد یونٹس کے بل بھیجے گئے۔ ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری تبدیل ہونے سے کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ڈائریکٹر کسٹمر سروسز اور ڈی جی آئی ٹی کو نوٹس جاری کیے۔