نواز شریف اور مریم نواز کی ملاقات، مری میں بلایا گیا اجلاس ملتوی، بڑے فیصلے متوقع
مری میں ہونے والا اجلاس اب لاہور میں ہوگا' سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی، پارٹی کی تنظیم ، پیپلز پارٹی کو وفاق اور پنجاب کابینہ میں حصہ بنانے کے متعلق اہم اعلانات متوقع

لاہور(کھوج نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف کی طرف سے مری میں بلائے گئے اجلاس کو ملتوی کیوں کیا گیا؟ اس حوالے سے چونکا دینے والی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف کی طرف سے مری میں بلائے گئے اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا ہے کیونکہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل نوازشریف نے اعلیٰ قیادت کا مری میں خصوصی اجلاس طلب کیا تھا لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اپنے والد میاں نوازشریف سے ہونے والی اہم میٹنگ کے بعد مری میں ہونے والے اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مریم نواز اور نوازشریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارٹی مشاورت کا اجلاس اب لاہور میں ہوگا جس میں پارٹی سے متعلق تمام امور زیر بحث آئیں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کو وفاق اور پنجاب میں کابینہ کا حصہ بنائے جانے کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے جبکہ پارٹی اجلاس میں اس کے علاوہ پارٹی کی تنظیم سازی لائحہ عمل بھی تیار کیا جائے گا۔ ذرائع نے یہ بھی کہنا تھا کہ اجلاس میں تمام بڑے لیڈروں کی شرکت متوقع ہے جبکہ اجلاس کا شیڈول وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ پارٹی رہنمائوں کو جاری کریں گے۔