جھوٹ اور پروپیگنڈا کی وجہ سے میڈیا سےمکالمہ بڑھایا جائے گا،ڈی جی آئی ایس پی آرکا اعلان
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ انتہائی سنجیدہ ایشوز کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے، عزم استحکام بھی اسی کی مثال ہے

راولپنڈی(کھوج نیوز)جھوٹ اور پروپیگنڈا کی وجہ سے میڈیا سےمکالمہ بڑھایا جائے گا،ڈی جی9 آئی ایس پی آرکا اعلان۔رپورٹ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ انتہائی سنجیدہ ایشوز کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے، عزم استحکام بھی اسی کی مثال ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن نہیں دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط مہم ہے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں 2021 کے نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لیا گیا۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ اجلاس میں متعلقہ وزراء، وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز موجود تھے، اجلاس میں تمام سروسز چیفس بھی موجود تھے، اپیکس کمیٹی اجلاس کا ایک اعلامیہ بھی جاری ہوا، اعلامیے میں کہا گیا ہمیں ایک قومی اتفاق رائے سے انسداد دہشت گردی کی پالیسی بنانی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے جھوٹ اور پروپیگنڈا کی وجہ سے میڈیا سے مکالمہ بڑھایا جائے گا، من گھڑت خبروں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، کچھ عرصے سے پاک فوج کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، بڑھتے جھوٹ اور پروپیگنڈے کے پیش نظر ہم تواتر سے پریس کانفرنس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا مؤقف واضح کرنا ہے، 22 ہزار 409 چھوٹے بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ہیں، آپریشن کے دوران 31 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکت بھی ہوئی، ادارے روزانہ کی بنیاد پر 112 آپریشنز انجام دے رہے ہیں، پوری قوم شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔