عمران خان سے ملاقات میں کیا معاملات طے پائے؟ بیرسٹر گوہر نے اندر کی بات بتا دی
آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی 'آئینی ترمیم پر تفصیلی مشاورت بھی ہوئی ' عمران خان سے ایک اور ملاقات کے بعد مزید مشاورت کریں گے

راولپنڈی (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے دوران کیا معاملات طے پائے؟ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اندر کی بات بتا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماں کی بانی پی ٹی آئی سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات ختم ہو گئی، پارٹی رہنماؤں نے جیل کے کانفرنس روم میں بانی پی ٹی آئی سے ایک گھنٹہ20 منٹ تک ملاقات کی جس میں آئینی ترمیم سمیت دیگر امور پر مشاورت کی گئی، عمران خان سے بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد جس میں اسد قیصر،بیرسٹر علی ظفر،سلمان اکرم راجہ اور صاحبزادہ حامد رضا شامل تھے ملاقات کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنمااڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5سے اندر داخل ہوئے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ۔ پانچوں رہنما گرم جوشی سے بانی پی ٹی آئی سے ملے اور ان کی خیریت دریافت کی۔جس میں آئینی ترمیم پر مشاورت سمیت بانی پی ٹی آئی کے کیسز سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا وفد اڈیالہ جیل کے دوسرے راستے سے روانہ ہوگیا۔
جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت بھی ہوگئی۔ اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور وہ مکمل طور پرہشاش بشاش ہیں ۔ پی ٹی آئی رہنمابیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی ہے اور ہم نے ان سے آئینی ترمیم پر تفصیلی مشاورت کی ہے ۔ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایک اور ملاقات کے بعد مزید مشاورت کریں گے۔