پاکستان

بجلی چوری کے خلاف اقدامات ،وزیر اعظم کا سخت کارروائی کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی چوری کیخلاف سخت اقدامات کرنے اور اووربلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا

اسلام آباد( کھوج نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے امور زیر بحث آئے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمارٹ میٹر کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے نظام میں شفافیت لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اوور بلنگ کسی طور قابل قبول نہیں۔ اوور بلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کاروائی ہو گی۔ وزیراعظم نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کے عمل میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتہائی شفاف عمل کے ذریعے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرٹ پر کی جائے، بھرتیوں کے عمل میں شفافیت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ نیپرا کے دیے گئے ٹارگٹ کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اجلاس میں لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 میں نومبر تک لیسکو کی ریکوری 96.82 فیصد، پیسکو کی ریکوری 87.98 فیصد اور فیسکو کی ریکوری 97.57 فیصد رہی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button