بھارتی آرمی چیف کے بیان پر پاکستان آرمی کا سخت رد عمل
پاک فوج نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی طرف سے پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینا نہ صرف حقائق کے منافی ہے بلکہ بھارت کے پٹے ہوئے موقف کے مردہ گھوڑے میں جانے ڈالنے کے مترادف ہے۔

راولپنڈی(کھوج نیوز)آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان پر دہشتگردی کی سرپرستی کا الزام بھارت کی دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بھارتی آرمی چیف کے بیانات سیاسی مقاصد کے تحت دیے گئے ہیں،کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو دبانے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت میں اقلیتوں پر ظلم، نفرت انگیز بیانیے عالمی برادری سمیت سب پر عیاں ہیں، بھارتی الزامات مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارتی آرمی چیف مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم وستم کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ایسے بیانات سے بھارتی فوج کی سیاسی معاملات میں گہری مداخلت واضح ہے، دنیا بھارتی قیادت کے مسلم کش ہندوتوا نظریات سے بخوبی واقف ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ بیان بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرقبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی بربریت، اندرونی طور پر اقلیتوں پر جبر اور بھارت کے بین الاقوامی جبر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہاکہ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ ایک سینیئر حاضر سروس ہندوستانی فوجی افسر پاکستان کی حراست میں ہے، جسے پاکستان کے اندر معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کا منصوبہ بناتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ایسا لگتا ہے کہ جنرل افسر نے اسے آسانی سے نظر انداز کردیا ہے۔ پاکستان ایسے بے بنیاد بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔