190ملین پاؤنڈ کیس :عمران خان اور بشری بی بی کو سزا سنا دی گئی
190ملین پاؤنڈ کیس بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ان کی اہلیہ بشری بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے کی سزا سنا دی گئی ہے

اسلام آباد(کھوج نیوز) 190ملین پاؤنڈ کیس بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ان کی اہلیہ بشری بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے کی سزا سنا دی گئی ہے۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔ احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کی زمین حکومتی تحویل میں لینے کا حکم بھی دیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر امن عامہ کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی پولیس نے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں۔
کیس کا پس منظر
احتساب عدالت نے 18 دسمبر 2024 کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا اور فیصلہ سنانے کے لیے 23 دسمبر کی تاریخ دی تھی۔ بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سنانے کے لیے 6 جنوری کی تاریخ مقرر کی، اس کے بعد 13 جنوری کو فیصلہ سنانے کا وقت دیا گیا لیکن تینوں بار فیصلہ نہ سنایا جاسکا۔
نیب کے مطابق، بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض نے وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کے لیے ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں واقع 458 کنال سے زائد کی زمین عطیہ کی تھی جس کے بدلے میں مبینہ طور پر عمران خان نے ملک ریاض کو 50 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا تھا۔
دراصل یہ وہ رقم تھی جو برطانیہ میں غیرقانونی پیسے سے جائیداد رکھنے پر پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض سے ضبط کی گئی تھی۔ یہ رقم برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی طرف سے ریاست پاکستان کی ملکیت قرار دے کر پاکستان کو لوٹائی گئی تھی۔تاہم مبینہ طور پر اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر یہ رقم قومی خزانے کے بجائے سپریم کورٹ کے اس اکانٹ میں چلی گئی جس میں ملک ریاض کو عدالتی حکم پر بحریہ ٹان کراچی کے مقدمے میں 460 ارب روپے جمع کرنے کا کہا گیا تھا۔ اس طرح نیب کے مطابق ایک ملزم سے ضبط شدہ رقم واپس اسی ملزم کو مل گئی اور قومی خزانے میں جمع کرنے کے بجائے برطانیہ سے ملنے والی رقم ملک ریاض کے ذاتی قرض کو پورا کرنے میں خرچ کی گئی، بدلے میں ملک ریاض نے مبینہ طور پر عمران خان کو القادر ٹرسٹ یونیورسٹی بنانے کے لیے مذکورہ زمین عطیہ کی۔