وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ایک اور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے گارڈن ٹاؤن میں زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا،اس منصوبے کو 90روز میںمکمل کیا جائے گا اور اس پر 450ملین روپے کی لاگت آئے گئی

لاہور (کھوج نیوز )وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے گارڈن ٹاؤن میں زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر ان کے ساتھ وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز،سینئر لیگی رہنما عمر سہیل ضیا اورحافظ میاں نعمان بھی تھے ۔اس موقع پر ایم ڈی واسا نے منصوبے کی تکمیل کے بارے میں وزیر بلال یاسین کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کی لاگت 450 ملین روپے ہے ۔ بریفنگ میں یہ بھی بتا یا گیا کہ اس واٹر ٹینک میں 15لاکھ گیلن پانی سٹور ہو سکے گا اور اس منصوبے کو 90روز میں مکمل کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے نکاسی آب کے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا اور نشیبی علاقوں کو ایسے زیر زمین واٹر ٹینکس منصوبوں سے کلیئر کیا جاسکے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ بارشوں میں ان ملحقہ علاقوںمیں دو فٹ تک پانی جمع ہونے سے گھروں میں داخل ہو جاتا تھا ۔
وزیر ہاؤسنگ بلا ل یاسین نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر زیر زمین واٹر ٹینکس منصوبے جاری ہیں اور ان کی ہدایت پر ان کو جلداز جلد مکمل کیا جائے گا ۔وزیر ہاؤسنگ نے بانی پی ٹی آئی کی سزا کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو ایک کریمینل کیس میں سزا ہوئی ہے۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے اور اقامہ پر وزارت عظمی سے ہٹایا گیا،اس وقت نواز شریف نے یہی کہا تھا کہ میں اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔بلال یاسین نے کہا کہ ایک شخص کو ریڈ لائن کہنے والے کو اب اس کو گرم کپڑے بھجوا دیں۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی ریڈ لائن صرف پاکستان ہے۔