سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کا جوائنٹ چیک پوسٹ سخی سرور اور دربار حضرت سخی سرور کا دورہ
سیکرٹری داخلہ نے چیک پوسٹ سخی سرور سے گزرنے والے تمام افراد کی بائیومیٹرک تصدیق اور گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کیساتھ ساتھ سی سی ٹی وی سے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت جاری کی

ڈیرہ غازی خان (کھوج نیوز) سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کا جوائنٹ چیک پوسٹ سخی سرور اور دربار حضرت سخی سرور کا دورہ، سکیورٹی انتظامات اور چیک پوسٹ پر تعینات عملے کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے دورہ کے دوران دربار پر سکیورٹی انتظامات دیکھے اور چیک پوسٹس پر تعینات عملے، اسلحہ ایمونیشن، دستیاب سہولیات اور چیکنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہدایت کی کہ چیک پوسٹ سخی سرور سے گزرنے والے تمام افراد کی بائیومیٹرک تصدیق اور گاڑیوں کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بین الصوبائی چیک پوسٹس پر چیکنگ کے تمام مراحل کی بذریعہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کی نقل و حرکت روکنے اور انکے خلاف سخت تادیبی کارروائی کے احکامات دیئے۔
سیکرٹری داخلہ نے جوائنٹ چیک پوسٹ پر تعینات پولیس، رینجرز، کسٹم اور دیگر محکمہ جات کے ملازمین سے گفتگو کی۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب امن و امان کے قیام کیلئے بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر جدید اسلحہ، نفری اور ہرممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔ نور الامین مینگل نے جوائنٹ چیک پوسٹ کے تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے اور تعمیر کے معیار کا خصوصی خیال رکھنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور پاکستان کو محفوظ بنانے کیلئے بین الصوبائی چیک پوسٹس کو مضبوط بنانا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاران الرٹ رہیں اور سکیورٹی گیجٹس کا استعمال یقینی بنائیں اور دربار حضرت سخی سرور کے داخلی راستوں پر مکمل تلاشی اور چیکنگ یقینی بنائی جائے۔ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن سجاد حسن، پاکستان رینجرز پنجاب اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ تھے۔