وزیر اعلی پنجاب کی شاہی قلعہ میں اہم ملاقات،ملاقات میں کون کون شامل تھا؟
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی شاہی قلعہ میں ظہرانہ پر 16ممالک کے ڈیفنس ا تاشی سے ملاقات،وزیراعلی نے ڈیفنس اتاشی اور ان کے اہل خانہ کو خوش آمدید کہا

لاہور (کھوج نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی شاہی قلعہ میں ظہرانہ پر 16ممالک کے ڈیفنس ا تاشی سے ملاقات ہوئی۔ان مہمانوں میں امریکہ، روس، جرمنی، جاپان، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، لیبیا، ملائیشیا، مالدیپ، میانمار، نائیجیریا، بلغاریہ،روانڈا،تاجکستان اور فلپائن کے ڈیفنس اتاشی شامل تھے۔وزیراعلی مریم نوازنے لاہور قلعہ کی تاریخی شاہی عرض گاہ کے احاطے میں تمام مہمانوں کا خود خیرمقدم کیا۔وزیراعلی مریم نواز نے ڈیفنس اتاشی اور ان کے اہل خانہ کو خوش آمدید کہا، بچوں سے اظہار شفقت کیا۔وزیراعلی کی دعوت پر ڈیفنس اتاشی اور مہمانوں کو شاہی قلعہ کے تاریخی مقامات کی سیاحت بھی کرائی گئی۔
اس مو قع پر وزیر پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور صرف پنجاب کا دل ہی نہیں، بلکہ پاکستان کی ثقافتی اور تاریخی روح ہے۔انھوں نے کہا کہ لاہور کی تاریخ، ثقافت اور فن تعمیر ہماری عظیم تہذیبی وراثت کا مظہر ہے۔بادشاہی مسجد، لاہور فورٹ اور شالامار باغ صرف عمارتیں نہیں، بلکہ ایک شاندار ماضی کی عکاس ہیں۔لاہورکا شہر روایت اور جدت کا حسین امتزاج ہے، جو مسلسل ثقافتی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ لاہوری طعام اور مہمان نوازی دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہیں۔لاہور دانشوروں، شاعروں اور فنکاروں کا ہمیشہ مرکز رہا ہے، شاعر مشرق کا مسکن اور مدفن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔انھوں نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے تمام مہمانوں کو اہل لاہور کی طرف سے خوش آمدید کہتی ہوں۔



